دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا۔نوازشریف

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے مکمل مطمئن ہیں،کراچی میں آپریشن کے ذریعے شہر میں امن قائم ہوا،2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا،حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات اور تحفظ فراہم کررہی ہے۔وزیراعظم کی ملاقات کرنیوالے متحدہ عرب امارات کے وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 جولائی 2016 16:19

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا۔نوازشریف

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جولائی 2016ء) :وزیراعظم محمد نوازشریف سے انکی رہائشگاہ جاتی امراء میں متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ نیہان بن مبارک النہیان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں نیہان بن مبارک نے وزیراعظم کو صحتیابی پر مبارکبادپیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کی کامیابی سے مکمل مطمئن ہیں ، ملک میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی میں آپریشن کے ذریعے شہر میں امن قائم کیا گیا ہے، ملک میں صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے ،2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، ایل این جی کے شفاف معاہدے سے آئندہ سال گیس کی قلت پر قابو پا لیں گے، حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ان کو ہر قسم کا تحفظ بھی فراہم کرے گی، ملک میں پائیدار امن اور معاشی استحکام کے لئے موثر اقدامات کیے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ 1990ء میں موٹر وے بنائی اور آج بھی 13موٹر وے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ موٹر وے منصوبوں پر 900ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور اس سال کے آخر تک موٹر ویز کی تعمیر مین سرمایہ کاری ایک ہزار ارب سے تجاوز کر جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی اہمیت کے حامل پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیشرفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں ، منصوبے کے تحت جدید شاہراؤں کے نئے نیٹ ورکس اور ریلوے ٹریکس کے ذریعے پورا خطہ آپس میں منسلک ہو جائے گا ۔

، اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے کروڑوں عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لائے گا ۔اس موقع پر چیئرمین ابوظہبی گروپ شیخ نیہان بن مبارک کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے تیزی سے ابھرتا ہوا پرکشش ملک ہے اور نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ 3سال میں ہر شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے اور پاکستان میں معاشی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیاں شفافیت پر مبنی ہیں اور دنیا میں پاکستان کی بہتر شناخت کے لئے نواز شریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ قبل ازیں لاہور ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چیئرمین ابوظہبی گروپ شیخ نیہان بن مبار ک کا استقبال کیا۔