وزیر اعظم کی صحت یابی اور وطن واپسی پر ہفتہ شکر منانے کا اعلان

منگل 12 جولائی 2016 23:19

فیصل آباد ۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جولائی ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف کی صحت یابی اور بخیریت وطن واپسی پر ہفتہ شکر منانے کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے شیخ اعجاز احمد سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے آج یہاں چوک گھنٹہ گھر میں پاکستان مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت،عہدیداروں، کارکنوں اور ہمدردوں کے ہمراہ وزیر اعظم کی صحت یابی پر ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمارے قائد وزیر اعظم محمد نواز شریف کو صحت یاب کر کے وطن واپس بھیجا، اب وہ ہمارے قائد کو تادیر ملک و قوم کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کے اندر کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے مگر کچھ لوگ اپنے مذموم مقاصد کیلئے اس راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے ملک میں دھرنوں کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ اللہ پاک انہیں ہدایت دے اور ہمیں پاکستان میں جاری منصوبوں کومکمل کرنے اور عبدالستار ایدھی کی خدمات کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری ضرب عضب میں فوج اور سیاسی قوت ایک پیج پر ہے اور یہ آپریشن ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر ایم پی اے محمد نواز ملک،ایم پی اے حاجی خالد سعید، ایم پی اے فقیر حسین ڈوگر،مولانا زاہد محمود قاسمی،ضلعی صدر خواتین ونگ رضیہ سلطانہ، ضلعی جنرل سیکرٹری فوزیہ حنیف، سٹی صدر خواتین ونگ ن لیگ یاسمین طاہرہ، سٹی جنرل سیکرٹری شمائلہ چوہدری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔