سرتاج عزیز سینیٹ میں قومی میڈیا میں آنے والے امریکی کانگریس کے بعض ارکان کے ریمارکس پر اپنا بیان دیں‘ میاں رضا ربانی

ہفتہ 16 جولائی 2016 22:42

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جولائی ۔2016ء) سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے سرکاری مراسلہ کے ذریعے وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز سے کہا ہے کہ وہ سینیٹ کے آئندہ ہونے والے250ویں اجلاس میں شرکت کرکے قومی میڈیا میں دو روز قبل آنے والے امریکی کانگریس کے بعض ارکان کے ریمارکس پر اپنا بیان دیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے اپنے مراسلہ میں کہا ہے کہ مختلف واقعات پر امریکی اراکین مقننہ کے سخت بیانات دینا معمول بن گیا ہے اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ قومی استحکام، سالمیت اور سلامتی کے خلاف ایسے بیانات پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔ قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے اپنے بیان میں امریکی کانگریس کے اراکین کے بیانات پر ناخوشگواری کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ امریکی کانگریس کے سنجیدہ اراکین ایسے غیرذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لیں گے۔