وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر ترکی میں پاکستانی قونصل خانہ اور سفارتخانہ پاکستانیوں سے مسلسل رابطہ میں ہیں جو بحفاظت ہیں‘ ترک ایئر لائن سے مسلسل رابطہ میں ہیں تاکہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی روانگی میں آسانی پیدا کی جاسکے‘ دفتر خارجہ

ہفتہ 16 جولائی 2016 22:57

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر ترکی میں پاکستانی قونصل خانہ اور سفارتخانہ ترکی میں مقیم پاکستانی برداری کے اراکین سے مسلسل رابطہ میں ہیں جو بحفاظت ہیں۔ ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصلیٹ ترک ایئر لائن سے بھی مسلسل رابطہ میں ہیں تاکہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی روانگی میں آسانی پیدا کی جاسکے۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ کو ہدایت کی تھی کہ ترکی کے ہوائی اڈوں پر پاکستانیوں کی ہرممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے۔ ترکی میں صورتحال کے باعث استنبول اور انقرہ سے ترکش ایئرلائن کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ، ملتوی یا ری شیڈول کردی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ترکش ایئر لائن نے اب دوبارہ آپریشن شروع کردیا ہے اور پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانہ کے دو افسران اتا ترک ایئرپورٹ پر تعینات کردیئے گئے ہیں جو وہاں پاکستانیوں کی مدد کر رہے ہیں۔

ترکی میں مدد کیلئے درج ذیل فون نمبرز استنبول کیلئے0090-532-568-3413 اور انقرہ کیلئے0090-505-979-5393 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ ایئر لائن کو بھی تجویز دی گئی ہے کہ اسے ٹرانزٹ لاؤنج میں ٹکٹ تبدیل کرنے چاہئیں۔ دونوں افسران کو بڑی تعداد میں فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور کال کرنے والوں کو نمبر مصروف ملے اور کال کو ریکارڈنگ پر ڈائیورٹ پائیں تو برائے مہربانی دوبارہ رابطہ کی کوشش کریں یا اس کے بجائے افسر کو ٹیکسٹ میسج ارسال کریں۔