بھارت کا منی آئی پی ایل منصوبہ بری طرح ناکام ہونے لگا

آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے مخالفت کردی

اتوار 17 جولائی 2016 12:53

بھارت کا منی آئی پی ایل منصوبہ بری طرح ناکام ہونے لگا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جولائی ۔2016ء) بھارتی کرکٹ بورڈ کی مجوزہ منی آئی پی ایل‘ کی آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے مخالفت کردی۔تفصیلات کے مطابق بھارت کا رواں برس ستمبر میں منی آئی پی ایل منعقد کرانے کا منصوبہ ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے، دنیا کے چار مضبوط کرکٹ بورڈز نے اس کی مخالفت کردی، چاروں ممالک آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے گذشتہ دنوں ایڈنبرگ میں منعقدہ آئی سی سی اجلاس میں اس منصوبے کو مسترد کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کرکٹ جنوبی افریقہ نے بھارتی بورڈ صدر انوراگ ٹھاکر کے پیش کردہ منی آئی پی ایل منصوبے کی مخالفت کی ہے، وہ یہ ایونٹ رواں برس ستمبر میں ملنے والی خالی جگہ میں منعقد کرانا چاہتے تھے، بھارتی بورڈ اس وقت میں اوورسیز آئی پی ایل منعقد کرانا چاہتا ہے جبکہ آئی سی سی اس وقت ورلڈ ٹی 20 پلان کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اگر یہ سچ ہے تو یہ عالمی کرکٹ پر بھارتی اجارہ داری کے خاتمے کی علامت ہے، ماضی میں بھارتی منتظمین عالمی کھیل پر حاوی رہے ہیں جبکہ موجودہ بی سی سی آئی حکام کیلئے بھی ان کے تجویز کردہ ایونٹ کی مخالفت کا ہونا ذاتی طور پر بھی شرمندگی کا سبب بنا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اوورسیز آئی پی ایل کے معاملے پر بھارتی بورڈ کے موجودہ صدر انوراگ ٹھاکر اور آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر کی سوچ بھی یکساں نہیں ہے، انھوں نے آئی سی سی میٹنگ کے بعد بھی باہمی طور پر اس پر تبادلہ خیال کرنا مناسب خیال نہیں کیا تھا۔تاہم ابھی تک یہ غیرواضح ہے کہ انوراگ ٹھاکر اپنے منصوبے کو کس طرح عملی شکل دے پاتے ہیں۔