Live Updates

سابق اسپیکر آزادکشمیر سردار سیاب خالد ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شامل

مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرنے والے اپنی کارکردگی بھی دکھائیں ،پیپلزپارٹی والے بتائیں سندھ میں عوام کی کیا خدمت کی، بلاول بھٹو اپنی حکومت کی کشمیر پالیسی بھی عوام کو بتائیں،عمران خان نے نریندر مودی سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر کوئی بات نہیں کی ،نوازشریف نے اقتدار سنبھالتے ہی کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ، مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کے سامنے تصویر کی شکل میں ہے ، مسلم لیگ (ن) کو کاموں کے حوالے سے جانا جاتا ہے ، ترقی اور خوشحالی کی کوئی بات کریں تو نوازشریف کی تصویر سامنے آجاتی ہے وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کا سردار سیاب خالد کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیتی تقریب سے خطاب

اتوار 17 جولائی 2016 23:42

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کے سامنے تصویر کی شکل میں ہے ، مسلم لیگ (ن) کو کاموں کے حوالے سے جانا جاتا ہے ، ترقی اور خوشحالی کی کوئی بات کریں تو میاں نوازشریف ی تصویر سامنے آجاتی ہے۔ وہ اتوار کو یہاں سابق اسپیکر آزادکشمیر سردار سیاب خالد کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سردار سیاب خالد کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پرویزرشید نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کی کوئی بات کریں یا ملک میں روزگار کی بات کریں تو محمد نوازشریف کی صورت آنکھوں میں ابھرتی ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے وفاق سمیت صوبوں میں اپنی کارکردگی دکھائی۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرنے والے اپنی کارکردگی بھی دکھائیں۔

پیپلزپارٹی والے بتائیں انہوں نے سندھ میں عوام کی کیا خدمت کی ہے اور بلاول بھٹو اپنی حکومت کی کشمیر پالیسی بھی عوام کو بتائیں۔ پیپلزپارٹی کے پاس کشمیر پالیسی نہیں ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے بھی نریندر مودی سے ملاقات کی مگر مسئلہ کشمیر پر کوئی بات نہیں کی جبکہ میاں نوازشریف نے اقتدار سنبھالتے ہی کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ، نوازشریف جب بھی مودی سے ملتے ہیں زور دے کر مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے معاشی وسائل میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اضافہ کرے گی ، ہم نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 3ارب ڈالر سے 23ارب ڈالر تک پہنچا دیئے۔ وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان بتائیں انہوں نے آزادکشمیر کے عوام کے لئے کیا پروگرام بتایا ہے۔ خان صاحب کے پاس آزادکشمیر کے لئے کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے لگتا ہے وہ خیبرپختونخوا جیسی ترقی آزادکشمیر میں بھی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیر کی فتح آزادکشمیر کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرے گی اس کے لئے شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کریں اور اس لئے ووٹ کی حفاظت کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات