چائنا پاکستان اقتصادری راہداری (سی پیک) سے گوادر میں انڈسٹریل اسٹیٹس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا،گوادر صنعتی زون کو مزید فعال بنانے اور اس کی توسیع کے لئے حکومت بلوچستان مزید تین ہزار ایکٹر زمین فراہم کرے گی،سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس نورمحمد جوگیزئی

منگل 19 جولائی 2016 23:06

کوئٹہ۔19جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 جولائی ۔2016ء) چائنا پاکستان اقتصادری راہداری (سی پیک) سے گوادر میں انڈسٹریل اسٹیٹس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ گوادر صنعتی زون کو مزید فعال بنانے اور اس کی توسیع کے لئے حکومت بلوچستان مزید تین ہزار ایکٹر زمین فراہم کرے گی۔ صوبے میں موجودہ حکومت صنعتوں کی ترقی اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی ترقی اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو پرکشش مراعات اور سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔

سرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تحفظ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں نرم شرائط اور مناسب قیمت پر صنعتوں کے قیام کے لئے زمین الاٹ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

صنعتوں کے قیام سے صوبے میں بے روزگاری کا خاتمہ اور صوبے کی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور خصوصاً مکران بیلٹ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس نورمحمد جوگیزئی نے (جیڈ) گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں مینیجنگ ڈائریکٹر محمد فرید حسنی ،چیئرمین پاکستان مینجمنٹ سروسز سید محمد اسلم شاہ، جنرل منیجر محمد وقاص لاسی، کنسلٹنٹ طارق رند اور ایڈیشنل سیکریٹری انڈسٹریز سید محمد عرفان شاہ غرشین نے شرکت کی۔ اجلاس میں گوادر انڈسٹریل اسٹیٹس کی صنعتی سرگرمیوں میں حائل مشکلات اور رکاوٹوں اور ان کے حل کے لئے مختلف اقدامات اٹھانے، صنعتی زون کو مزید فعال کرنے سے متعلق متعدد تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا اور اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں سیکریٹری صنعت وتجارت نورمحمد جوگیزئی نے ہدایت کی کہ گوادر صنعتی زون کو مزید فعال بنانے اور سرمایہ کاروں کو دستیاب پرکشش مراعات کو یقینی بنایا جائے، انڈسٹریل زون میں ریئل اسٹیٹ کی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ریکوری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور پلاٹ جس مقصد کے لئے الاٹ کیا گیا ہے اسی مقصد کے لئے اس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

صنعتی زون کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو بلاتاخیر دور کیا جائے اور سرمایہ کاروں کو باور کرایا جائے کہ حکومت صوبے میں صنعتوں کی ترقی اور انہیں مزید فعال بنانے اور بیمار صنعتی زونز کو دوبارہ صحیح حالت میں لانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کے لئے سنجیدہ ہے اور سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات اور سہولتیں فراہم کرنا چاہتی ہے جن میں ممکنہ حد تک ٹیکس چھوٹ کی فراہمی بھی شامل ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گوادر انڈسٹریل زون کی ترقی سے ہزاروں لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے جو صوبے اور خصوصاً مکران بیلٹ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ آخرمیں انہوں نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان مزید #کو بہتر بنایا جائے تاکہ گوادر انڈسٹریل زون کو وقت مقررہ پر فنکشنل کرکے ان صنعتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گوادر انڈسٹریل زون میں صنعتی زون کے سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے جیڈا کا دفتر کراچی سے گوادر جلد منتقل کردیا جائے۔

متعلقہ عنوان :