مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف پوری قوم وزیراعظم کی ہدایت پر یوم سیاہ منا رہی ہے، پرویز رشید

بھارت کشمیری نوجوانوں کو حق آزادی مانگنے پر شہید کر رہا ہے ،کشمیریوں کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے اپنے بنیادی حق کیلئے آواز بلند کی ،وفاقی وزیر اطلاعات کا نیشنل پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب

بدھ 20 جولائی 2016 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف پوری قوم وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر یوم سیاہ منا رہی ہے اور انکی آواز پر لبیک کہتے ہوئے احتجاج کر رہی ہے، بھارت کشمیری نوجوانوں کو حق آزادی مانگنے پر شہید کر رہا ہے اور ان کشمیریوں کا قصور یہ ہے کہ انہون نے اپنے بنیادی حق کیلئے آواز بلند کی ،یہ بنیادی حق اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے تسلیم کرچکے ہیں ، یوم سیاہ کا مقصد دینا تک کشمیریوں کی آواز پہچنانا اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنا ہے، اقوام متحدہ نے وعدہ کیا تھا کہ کشمیریوں کو ان کی قسمت کا خود فیصلہ کرنے دیا جائیگا اور پاکستان ان کے اس نصب العین کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے باہر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی اور وزیر مملکت برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ریلی کی قیادت وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی اور وزیر مملکت برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کی۔

شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کے خلاف اور کشمیریوں کی آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ ریلی میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں بشمول مذہبی رہنماؤں، سکالرز، ڈپٹی میئر نے شرکت کی اور کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر اطلاعات نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف پوری قوم وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر یوم سیاہ منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کوئی جرم نہیں کیا وہ اپنی آواز اور تحریروں سے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو حق آزادی مانگنے پر شہید کر رہا ہے۔

بھارت جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کر رہا ہے، اس کے ان مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا جا رہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کو اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام عشروں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ حال ہی میں بھارت نے دہشت گردی کی لہر میں اضافہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ان نوجوانوں کو شہید اور سینکڑوں افراد کو زخمی کیا جو صرف اپنے لئے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجوڑنا اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی آزادی کے نصب العین کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس وقت تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی جب تک وہ بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ نے وعدہ کیا تھا کہ کشمیریوں کو ان کی قسمت کا خود فیصلہ کرنے دیا جائے گا اور پاکستان ان کے اس نصب العین کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی اور دیگر کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارت خواہ جتنے وانی شہید کر دے مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر سے اتنے وانی نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈال کر اسے کشمیریوں کی آزادی کے لئے مجبور کریں۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ بھارت کشمیری بھائیوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حالیہ لہر میں ہمارے 50 کشمیری بھائی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ ہم بھارت کے مجرمانہ فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ کا فرمان ہے کہ شہید کبھی نہیں مرتا، وہ زندہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام فی الفور بند کرائے۔ ہم کشمیریوں کی اس وقت تک حمایت جاری رکھیں گے جب تک کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد نہیں ہو جاتے۔

اس موقع پر وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں، ہماری تمام ہمدردیاں کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہو، پورا عالم اسلام اس کی مذمت کے لئے متحد ہے۔ ہم دنیا کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔آخر میں کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کرائی گئی۔