پنجاب حکومت کی امانت سکیم نے عوام میں ٹیکس بارے شعور بیدارکرنے میں کلید ی کردار ادا کیاہے‘رانا ثناء

امانت سکیم دراصل ریسٹورنٹ انوائس مانیڑنگ سسٹم سے براہ راست منسلک ہے جس کے تحت عوام ٹیکس چوروں کامحاسبہ کرتے ہیں لاہور میں قابل ٹیکس غیر رجسٹرڈ ہوٹلز کی تعداد 2500کے قریب ہے، جنہیں آر آئی ایم ایس نیٹ میں لایا جائیگا ، آر آئی ایم ایس کی افادیت کے پیش نظر اور عوام کے اصرار پراس سسٹم کا دائرہ کار فیصل آباد ، ملتان ،راولپنڈی اورگوجرانوالہ تک بڑھایاجائے گا‘ صوبائی وزیر قانون

بدھ 20 جولائی 2016 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے پنجاب حکومت کی امانت سکیم نے عوام میں ٹیکس بارے شعور بیدارکرنے میں کلید ی کردار ادا کیاہے،امانت سکیم دراصل ریسٹورنٹ انوائس مانیڑنگ سسٹم سے براہ راست منسلک ہے جس کے تحت عوام ٹیکس چوروں کامحاسبہ کرتے ہیں،اس سسٹم کی کامیابی اورعوام کی بھرپور شمولیت اور ان کی پذیرائی اس حکومتی اقدام کی تائیدہے،لاہور میں قابل ٹیکس غیر رجسٹرڈ ہوٹلز کی تعداد 2500کے قریب ہے، جنہیں آر آئی ایم ایس نیٹ میں لایا جائیگا ، آر آئی ایم ایس کی افادیت کے پیش نظر اور عوام کے اصرار پراس سسٹم کا دائرہ کار فیصل آباد ، ملتان ،راولپنڈی اورگوجرانوالہ تک بڑھایاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار 90 شاہراہ قائد اعظم پر ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت امانت سکیم کی تیسری اور چوتھی بیلٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے کہا کہ عوام کے تعاون سے اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کی موثر حکمت عملی کی بدولت آر آئی ایم ایس کے پینل پرآنے والے ریسٹورانٹس کی تعداد160 ہوچکی ہے جو کہ بتدریج بڑھتی جائیگی۔وزیر قانون نے کہا کہ تیسری قرعہ اندازی میں حکومت کو 6 کروڑ80 لاکھ روپے جبکہ چوتھی قرعہ اندازی میں حکومت کو5 کروڑ 40 لاکھ روپے کاریونیو حاصل ہو گا۔

قبل ازیں وزیر قانون نے دوسری قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے خواتین و حضرات میں گاڑیا ں ، عمرے کی ٹکٹیں اورموٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔اس موقع پر چیئر مین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے گذشتہ چار سا لوں میں ٹیکس کلچر میں انقلابی اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن سے ناصرف ٹیکس وصولیوں کی شرح میں اضافہ بلکہ ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے عوامی رویوں میں بھی واضح تبدیلی آئی ہے انھوں نے کہا کہ اس بات کا سب سے بڑا ثبوت ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ہوٹل کسٹمرز کی جانب سے آنے والا مثبت رد عمل ہے۔