Live Updates

عمران خان نے 2014ء میں آزادی کے دن اپنی خواہشات کیلئے پورے ملک میں انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی، دوبارہ پھر آزادی کے مہینہ میں یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، عمران کی ترجیحات آج تک واضح نہیں ہوسکیں، کشمیریوں سے یکجہتی کے دن حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کیا جب پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی میں یوم سیاہ منا رہی تھی کم ازکم دو دن انتظار کرلیتے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جولائی 2016 23:11

اسلام آباد ۔ 21 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان 2014ء میں آزادی کے دن اپنی خواہشات کیلئے پورے ملک میں انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی، دوبارہ پھر آزادی کے مہینہ میں یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، عمران کی ترجیحات آج تک واضح نہیں ہوسکیں، جس نے کشمیریوں سے یکجہتی کے دن حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کیا جب پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی میں یوم سیاہ منا رہی تھی کم ازکم دو دن انتظار کرلیتے،آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات میں کشمیری عوام جسے منتخب کریں گے وہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔

کشمیر میں پولنگ پرامن رہی سب لوگوں نے پولنگ کے دوران امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں سیفما کے زیراہتمام ممتاز براڈ کاسٹر آغا ناصر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں انتخابات پرامن شفاف اور آزادانہ ماحول میں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد جموں وکشمیر میں انتخابات کے جیتنے کیلئے سرکاری وسائل اور انتظامی اختیارات استعمال نہیں کئے۔

عمران خان کے ایجی ٹیشن کے اعلان سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے پہلے بھی دھرنا دیا اور اب دوبارہ وہ اگست کے مہینے میں انتشار کا اعلان کررہا ہے جو یوم آزادی کا مہینہ ہے۔ عمران نے بیس جولائی کو حکومت کے خلاف ایجی ٹیشن کا اعلان کیا جب پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کررہی تھی اور یوم سیاہ منا رہی تھی۔

جس سے میڈیا کی توجہ بھی ہٹی کم ازکم عمران دو دن انتظار کرلیتے تاکہ میڈیا یوم سیاہ کی سرگرمیوں کو بھرپور طورپر اجاگر کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے مٹھائی کھانے کے شوق میں دھرنا دیا تھا اور چھوارے کھا کر واپس گئے، اس مرتبہ بھی وہ چھواروں پر ہی اکتفا کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم یوم آزادی جوش وجذبہ سے منائے گی وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت سے متعلق انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ایڈوائس کے باوجود وزیراعظم سرکاری فرائض سرانجام دے رہے ہیں جن کی صحت بہتر ہوئی ہے اور وہ لگن کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم نے تاریخی خطاب کرکے واشگاف انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھایا اور میڈیا نے بھی مسئلہ کشمیر کو بھرپور اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ کراچی میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی کو پرامن بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

کراچی میں امن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج جمعہ کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور کراچی میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم آغا ناصر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم شخصیت تھے۔

جو پابندیوں کے دنوں میں بھی اپنا پیغام دینے کا فن جانتے تھے وفاقی وزیر نے کہا کمہ جب میں 1997 ء میں پی ٹی وی کے چیئرمین بنا تو آغا ٰناصر نے پی ٹی وی میں بہتری کیلئے تجاویز دیں اور تخلیقی آگاہی کیلئے موسیقی ڈرامہ اور شاعری کی بات کی ۔ آغا صاحب کی اچھی یادداشت تھی انہوں نے کہ اکہ 2013ء میں مسلم لیگ کی حکومت کے برسراقتدار آنے پر جب میں وفاقی وزیر بنا آغا ناصر کو پی ٹی وی میں کوئی ذمہ داری لینے کی پیشکش کی جنہوں نے جواب میں کہا کہ وہ اعزازی مشیر کے طورپر کام کرنا پسند کریں گے اور کوئی تنخواہ یا مراعات نہیں لیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالی نے خوبصورت دنیا تخلیق کی اور آغا ناصر ان افراد میں شامل تھے جنہوں نے ساری زندگی امن برداشت محبت اور پرامن بقائے باہمی کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ آغا ناصر کے پیغام کو نئی نسل کو منتقل کرے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات