اسلام آبادمیں ہماری اولین ترجیح بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل کاحل ہے، میر کبیر احمد شہی

جمعرات 21 جولائی 2016 23:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جولائی ۔2016ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے منتقلی اختیارات میر کبیراحمد محمدشہی نے کہاہے کہ اسلام آباد میں ہماری اولین ترجیح بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل کاحل ہے جس سے ہرگزغافل نہیں ہوسکتے کیونکہ بلوچستان کی90فیصد آبادی کا معاشی دارومدار زراعت سے وابستہ ہے مگربجلی بحران‘پانی کی زیرزمین گرتی ہوئی سطح اورموسمیاتی تبدیلی نے زمینداروں اورکاشتکاروں کو معاشی طورپرمحتاج کردیا ہے ان مسائل کے حل کیلئے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنگچر گرڈاسٹیشن میں زمینداروں اورکیسکو افسران سے گفتگومیں کیا کبیرمحمدشہی نے کہاکہ گرڈاسٹیشن دورے کامقصد زمینداروں کو درپیش مسائل سے آگاہی کے ساتھ بجلی کے حصول میں درپیش مشکلات سے باخبررہنا ہے کبیرمحمدشہی نے کہاکہ اوورلوڈ فیڈرز کو دوحصوں میں تقسیم کرنے کے ساتھ بلوچستان کیلئے پانچ سوکے وی گرڈاسٹیشن کاقیام ناگزیر ہے جس کیلئے وفاق میں ہرممکن کوشش کرؤنگاہماری کوششوں سے زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا آغازہوگیا ہے اوربہت جلد تمام ٹیوب ویلز کو اس نظام کاحصہ بنادیاجائے گاجس سے بجلی کامسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہونے کی امید ہے اس موقع پر زمینداروں نے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر میرکبیراحمدمحمدشہی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ موصوف اسلام آباد میں حقیقی معنوں میں بلوچستان خصوصاً زمینداروں کی نمائندگی کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :