پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مذکرات کی دعوت دیدی

پاکستان، ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بامعنی، نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکتوں پر تشویش ہے‘عالمی برادری نوٹس لے :مشیرخارجہ سرتاج عزیزکا آسیان فورم سے خطاب سرتاج عزیز کی جان کیری سے ملاقات ۔ امریکا، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری میں بہتری اور اسے فروغ دینے کے لیے تیار ہے:جان کیری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 جولائی 2016 23:07

پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مذکرات کی دعوت دیدی

لاﺅس(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26جولائی۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ایک بار پھر ہندوستان کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بامعنی، نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتا ہے۔ایشیائی ملک لاﺅس میں آسیان ریجنل فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے اور ہم پڑوسی ملک کے ساتھ بامعنی، نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے عالمی برادری سے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان، افغانستان مصالحتی عمل اور افغانستان میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

دہشت گردی کے حوالے سے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے تمام گروہوں کے خاتمے کے لیے آپریشن ’ضرب عضب‘ کامیابی سے جاری ہے، جبکہ ملک سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بھی جامع نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے۔قبل ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے آسیان ریجنل فورم کے اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات بھی کی۔

ملاقات کے دوران جان کیری نے سرتاج عزیز کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری میں بہتری اور اسے فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔وزارت خارجہ سے جاری اعلامیے میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ لاو¿س میں آسیان ریجنل فورم منسٹریل میٹنگ کے دوران ملاقات میں سرتاج عزیز اور جان کیری نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے سرتاج عزیز کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری میں بہتری اور اسے فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز اور جان کیری کے درمیان ملاقات میں افغانیوں کی قیادت میں افغان مصالحتی عمل کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کی بھی تعریف کی اور قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات میں پاک۔ امریکا تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ جان کیری نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا جائزہ لینے اور علاقائی مسائل پر بات چیت کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔واضح رہے کہ کانگریس کی مخالفت کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ایف 16 طیاروں کا معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات اونچ نیچ کا شکار ہے۔