فاروق حیدر وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے نامزد،

فیصلہ وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 27 جولائی 2016 14:48

فاروق حیدر وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے نامزد،

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27جولائی۔2016ء) مسلم لیگ نون کے سربراہ اور وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے فاروق حیدر کو وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے نامزد کر دیا ہے۔فاروق حیدر کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا جس میں مسلم لیگ (ن )کے وفاقی رہنما اور آزاد کشمیر سے نومنتخب ارکان شریک ہوئے۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کے لئے راجہ فاروق حیدر کو بطور وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔اس موقع پروزیر اعظم نواز شریف نے نومنتخب ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے ، پاکستان اپنے بھائیوں کے حق خودارادیت کا معاملہ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائے گا۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے ہدایت کی آزاد کشمیر کی نئی حکومت اداروں کو مضبوط اور کرپشن سے پاک نظام بنائے۔

ایک ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دی جائے۔ آزادکشمیر میں گزشتہ 5 سالوں کے دوران کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، مسلم لیگ ن کی حکومت وہاں سڑکوں کا جال بچھائے گی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے صحافی اور اینکرپرسن مشتاق منہاس نے بھی آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کے لیے لابنگ کی تھی تاہم انہیں اسمبلی کی رکنیت کے لیے ٹکٹ تو مل گیا مگر ان کی وزیراعظم بننے کی حسرت پوری نہیں ہوسکی-یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 41 نشستوں میں سے 31 پر مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

مذکورہ انتخابات میں راجا فاروق حیدر نے ضلع ہٹیاں بالا کے حلقے ایل اے 28 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کے صدر بھی ہیں۔نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں میرٹ کی بحالی اور کرپشن کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ساتھ ہی انھوں نے آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :