اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی قومی ذمہ داری ہے، بروقت اوربلارکاوٹ تکمیل یقینی بنائینگے،جنرل راحیل شریف

سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے سٹریٹجک گیم چینجر ہے،پاکستان آرمی اور عوام چین کے ساتھ اپنی دوستی کے رشتوں پرفخر کرتے ہیں،آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کومستحکم کررہے ہیں ،ہرقسم کے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہینگی، دہشتگردی ،جرائم اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ کوتوڑنا ہمارا عزم ہے ،آرمی چیف کاچین کی پیپلزلبریشن آرمی کے قیام کی 89ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب

جمعرات 28 جولائی 2016 23:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جولائی ۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کوقومی ذمہ داری قراردیتے ہوئے اس کی بروقت اوربلارکاوٹ تکمیل یقینی بنانے کے عزم کااعادہ کیاہے،سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے سٹریٹجک گیم چینجر ہے،پاکستان آرمی اورپاکستان کے عوام چین کے ساتھ اپنی دوستی کے رشتوں پرفخر کرتے ہیں،آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کومستحکم کررہے ہیں ،ہرقسم کے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہینگی، دہشتگردی ،جرائم اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ کوتوڑنا ہمارا عزم ہے۔

جمعرات کو مقامی ہوٹل میں چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے قیام کی 89ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ میرے لئے اس تقریب سے خطاب منفرد اعزاز کی بات ہے میں چینی سفیر اور ملٹری ا تاشی کاشکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے یہ اعزاز بخشا اور میرے اورپاکستان کی مسلح افواج کیلئے اچھے خیالات کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ موقع چین کے بہادر عوام کی جانب سے اپنے خواب کی تکمیل کیلئے دی گئی بڑی قربانی کی یاددلاتا ہے جس نے ایک شاندارمثال قائم کی۔

انہوں نے کہاکہ میں اس موقع پر چیئرمین ژی جن پنگ، جنرل وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن فان چنگلانگ اور چیف آف جوائنٹس سٹاف جنرل فنگ ہوئی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آج پیپلزلبریشن آرمی کو دنیا کی بہترین تنظیموں میں شمار کیاجاتا ہے پی ایل اے کے پیشہ وارانہ معیار اورآپریشنل ریکارڈ اس کی کارکردگی کاثبوت ہے ۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان آرمی اور پاکستان کے عوام چین کے ساتھ اپنی دوستی کے رشتوں پر فخر کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ یہ تعلق شہدسے میٹھا، ہمالیہ سے بلند اورسمندروں سے گہرا ہے اور یہ ہماری وقت کی ہرکسوٹی پر پرکھی گئی دوستی کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے نظریات میں ہم آہنگی ہمارے مشترکہ ویژن اور مشترکہ مستقبل کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین دفاعی شعبے میں تعاون اورمشترکہ پیداوار کے شعبے میں باہمی طورپر مستفید ہورہے ہیں ۔

جنرل راحیل شریف نے کہاکہ اس موقع پر میں کہنا چاہوں گا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے سٹریٹجک گیم چینجر ہے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے نتیجہ میں کروڑوں لوگوں کی زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور خطے کے ممالک کے درمیان باہمی انحصار کوفروغ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کی حیثیت سے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سی پیک کی سیکیورٹی ہماری قومی ذمہ داری ہے اور ہم سی پیک کی بروقت اوربلارکاوٹ تکمیل یقینی بنانے کیلئے کوئی کسراٹھانہیں رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ انسانیت کی اجتماعی بھلائی کی خاطرچین اور پاکستان دہشتگردی کی لعنت کے خلاف شراکت دار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم دہشتگردی اور انتہاپسندی کی لعنت کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے وسیع تر علاقائی تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ خطے میں پائیدارامن اوراستحکام آسکے۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ ہم آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں کومستحکم کررہے ہیں اورہرقسم کے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردی ،جرائم اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ کوتوڑنا ہمارا عزم ہے ۔آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان آرمی اور پیپلزلبریشن آرمی کے درمیان وسیع پیمانے پرپیشہ وارانہ تعاون جاری رہے گا تاکہ ہماری دوستی مزید پروان چڑھ سکے۔