پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،سی پیک منصوبے سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے ، منصوبے کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے ،سی پیک منصوبہ گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ، آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ، دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور کرپشن کا گٹھ جوڑ توڑیں گے ، پاکستانی قوم اور فوج کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے ، پیپلز لبریشن آرمی طاقتور ترین فوج ہے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 89یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب آرمی چیف کی جانب سے چینی رہنماؤں ، عوام اور فوج کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار،آئی ایس پی آر

جمعرات 28 جولائی 2016 23:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جولائی ۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل ہر صورت میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،سی پیک منصوبے سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے ، منصوبے کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے ،سی پیک منصوبہ گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ، آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ، دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور کرپشن کا گھٹ جوڑ توڑیں گے ، پاکستانی قوم اور فوج کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے ، پیپلز لبریشن آرمی طاقتور ترین فوج ہے ۔

وہ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں چین کی پیپلز لیبریشن آرمی کے 89 ویں یوم تاسیس کے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں اعلیٰ فوجی و سول افسران اور مختلف ممالک کے دفاعی آتاشیوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی سفارتخانے کے ملٹری آتاشی میجر جنرل کی ہو جون کی جانب سے استقبالیہ کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈونگ بھی موجود تھے ۔

اگست 1927 میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت نے مسلح افواج جنگجوؤں کے خلاف لڑائی لڑی بعد ازاں پاکستان لبریشن آرمی کی بنیاد کے حوالے سے اگست کا پہلا دن مختص کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک نے خصوصی طور پر سی پیک کے ذریعے اپنے پارٹنر شپ کو جاری رکھا ہوا ہے ۔

آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام سمیت پورے خطے کے لوگوں کے حالات زندگی بدلنے کے لئے ایک گیم چینجر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی منزل ایک ہے اور وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعاون اندر اور باہر انتہائی اعلیٰ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ اپنی دوستی کے مدعا ہیں اور اس پر فخر کرتے ہیں ۔

جنرل راحیل شریف نے چین کی مسلح افواج کے پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی اور کہا کہ وہ امن و سلامتی کی علامت ہیں ۔ بڑھتے ہوئے فوج سے فوج کے تعلقات ان کی کثیر الطرفہ دوستی کا سنگ میل ہیں ۔ انہوں نے چین کے ساتھ امن ترقی اور دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی نے تذویراتی تعلقات کی بنیاد رکھی ہے ۔

چائنا پیپلز لیبریشن آرمی دنیا کی عمدہ افواج میں سے ایک ہے ۔ پی ایل اے کے یوم تاسیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ موقع چین کے بہادر عوام کی قربانیوں کو سامنے لائے گا اور وہ اتحاد اور سخت جدوجہد کے ذریعے اس خواب کو تعبیر دے گا جس نے ایک عمدہ مثال قائم کی ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج کو ایک عمدہ فورس کے طور پر ڈھلنا ہمیں لوگوں کی طاقت اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے جس کی وجہ سے مقاصد اعلیٰ ہو جاتے ہیں اور پھر کوئی منزل انسان سے دور نہیں رہتی اور راستہ مشکل نہیں ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ آج پی ایل اے کو دنیا کی عمدہ ترین مسلح افواج میں گنا جاتا ہے ۔ پی ایل اے کا پیشہ وارانہ معیار اس کی تحقیقی مہارت اور آپریشنل ریکارڈ اس بات کا عکاس ہے پاک فوج اور پاکستان کے عوام چین کے ساتھ دوستی اور تعلقات پر فخر کرتے ہیں ۔ یہ آہنی تعلقات شہد سے زیادہ میٹھے ہمالیہ سے زیادہ اونچے اور سمندروں سے زیادہ گہرے ہیں ۔ یہ ہماری ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی کی علامت ہیں ۔

چین اور پاکستان کے نظریات ہمارے مشترکہ ویژن اور مشترکہ منزل کی عکاسی کرتے ہیں ۔ یہ جنوبی ایشیائی اقوام شنگھائی تعاون تنظیم اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے انتہائی مضبوط ہیں ۔ چین اور پاکستان انسانیت کے تقاضے کی خاطر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شراکت دار ہیں ۔ہم خطے میں مستقل امن و استحکام کے قیام کے لئے دہشتگردی اور شدت پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے لئے علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں ہمیں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ہم ہر قسم کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے ۔ دہشتگردوں ، مجرموں اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ توڑنا ہمارا غیر متزلزل عزم ہے ۔ آخر پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے ہمارے تمام تذویراتی تعلقات کا محور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون پاکستان اور چین کے مشترکہ مستقبل اور دوستی کے مزید مضبوط بنانے کے لئے جاری رہے گا ۔

اس موقع پر چین کی بری ، فضائی اور بحری فوج کے آتاشی جنرل کی ہوا جون نے اپنے خیر مقدمی کلامات میں پاک چین تذویراتی تعلقات کو مستحکم کرنے ، خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے میں جنرل راحیل شریف کے کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ چینکی حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مسلح افواج کے درمیان تعاون شاندار ہے اور یہ لوگوں کی مشترکہ خواہشات کے مطابق ہے ۔

دونوں ممالک تمام سطحوں پر دو طرفہ اعتماد سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اور پاک فوج نے علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے آرمی چیف کے سی پیک کے ہر قیمت پر تحفظ کے عزم کو سراہا اور انہوں نے امن کے فروغ اور افغانستان سے تعلقات کے لئے ان کے کردار کی تعریف کی انہوں نے قومی دفاع اور دنیا میں اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کی بھی تعریف کی ۔

۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پیپلز لبریشن آرمی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ آرمی چیف کی جانب سے چینی رہنماؤں ، عوام اور فوج کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا ۔ …(م د )