وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دورہ پاکستان کے دوران کوئی دوطرفہ ملاقات نہیں کریں گے۔ہندوستانی وزارت خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 30 جولائی 2016 12:50

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دورہ پاکستان کے دوران کوئی دوطرفہ ملاقات نہیں ..

نئی دہلی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جولائی۔2016ء) ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دورہ پاکستان کے دوران کوئی دوطرفہ ملاقات نہیں کریں گے۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان جارہے ہیں اور وہاں ان کی کوئی دوطرفہ ملاقاتیں نہیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کی تصدیق کے بعد سے ہندوستانی میڈیا میں یہ افواہیں گردش کر رہے ہیں کہ وہ یہاں پاکستانی ہم منصب چوہدری نثار علی خان سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) وزرائے داخلہ کانفرنس میں شرکت کے لیے آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کے مظالم کے باعث پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔پاکستان اس صورتحال میں کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔اسی سلسلے میں 20 جولائی کو کشمیر میں ہندوستانی مظالم و جبر کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا، جبکہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے سفارتی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :