ہلمند کے اہم ضلع خانشین پر طالبان نے قبضہ کرلیا ‘طالبان کی کاروائیوں میں شدت سے افغان حکومت تیزی سے علاقے کھورہی ہے:امریکی ادارے کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 30 جولائی 2016 13:15

ہلمند کے اہم ضلع خانشین پر طالبان نے قبضہ کرلیا ‘طالبان کی کاروائیوں ..

کابل(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30جولائی۔2016ء) افغانستان کے صوبہ ہلمند کے اہم ضلع خانشین پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے ۔ صوبائی کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالمجید اخونزادہ کے حوالے سے بتایا کہ شدید لڑائی کے نتیجے میں ضلع خانشین پر طالبان نے قبضہ کر لیا۔ لڑائی میں افغان پولیس کے 20 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں اور اب بھی یہاں لڑائی ہو رہی ہے۔

یہ ضلع پاکستان کی سرحد کے قریب اور پوست کی کاشت کے بڑے علاقوں میں سے ایک جب کہ منشیات کی اسمگلنگ کے لیے بھی یہ ایک اہم گزرگاہ تصور کیا جاتا ہے۔اخونزادہ کا کہنا تھا کہ ضلعی پولیس کے سربراہ اور انٹیلی جنس ایجنسی کے نائب سربراہ بھی لڑائی کے دوران شدید زخمی ہوئے ہیں۔طالبان نے گزشتہ سال کے اواخر سے افغانستان میں اپنی کارروائیوں کو تیز کر دیا تھا جن میں رواں برس زیادہ شدت دیکھی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

خانشین پر طالبان کا قبضہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب افغانستان سے متعلق نگرانی کے اعلیٰ ترین امریکی ادارے سینٹرل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ رواں سال جنوری سے مئی تک افغان حکومت ملک کے پانچ فیصد حصے پر سے اپنا کنٹرول کھو چکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اس عرصے میں طالبان نے دس مختلف اضلاع کو اپنے دائرہ اثر میں لیا۔2014ءکے اواخر میں بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد سے ایک سکیورٹی معاہدے کے تحت لگ بھگ 12 ہزار غیر ملکی فوجی جن میں اکثریت امریکیوں کی ہے، افغانستان میں موجود ہیں لیکن سلامتی کی ذمہ داری مقامی افغان فورسز کے پاس ہے جنہیں بین الاقوامی فوجی معاوت بھی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :