وزیر اعلیٰ سندھ کی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

ہفتہ 30 جولائی 2016 22:34

کراچی ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور قیادت کے اعتماد اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے زیادہ بہتر انداز میں کارکردگی دکھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی نئی کابینہ کے اراکین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پارٹی کسی بھی وزیر کی غفلت کو برداشت نہیں کرے گی، تمام وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے عوام کے لئے کام کریں اور ان کی تکالیف کو کم کریں، صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی رفتار کو آگے بڑھاتے ہوئے سابقہ کابینہ کے نامکمل کاموں اور منصوبوں کو مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے نئی کابینہ کے اراکین پر زور دیا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے کو منتقل ہونے والے محکموں اور اختیارات پر عملدرآمد کے لئے مضبوط ہوم ورک تیار کیا جائے، عام آدمی پر بوجھ نہ ڈالنے کو اولیت دیتے ہوئے صوبائی آمدنی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ امن و امان، تعلیم اور صحت کے محکموں کے لئے زیادہ توجہ درکار ہے، کیونکہ یہ محکمے عام آدمی کی زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو منتخب بلدیاتی اداروں کا اجتماعی دانش بھی شہری سہولیات کی بحالی کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے اراکین سندھ کابینہ کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صوبے اور عوام کی بہتری کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر عملدرآمد کے لئے اپنی ممکنہ کوششیں ضرور کریں گے۔ اس موقع پر آج لاڑکانہ میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی گئی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی، وزیر اعلیٰ سندھ اور اراکین کابینہ نے شہید اہلکار کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ لاڑکانہ بم دھماکے کے زخمیوں کے بہتر علاج کا انتظام کیاجائے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ نئی کابینہ کے اراکین صوبائی وزراء مخدوم جمیل الزماں، نثار احمد کھڑو، جام مہتاب ڈہر،سکندر میندھرو، جام خان شورو،، شمیم ممتاز، سہیل انور سیال، سید سردار شاہ، مکیش چاولا،صوبائی مشیران مولا بخش چانڈیو، سینیٹر سعید غنی، اصغر جونیجو، مرتضیٰ وہاب، معاونین خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل، ڈاکٹر سکندر شورو،ارم خالد اور سید غلام شاہ جیلانی شامل تھے۔