Live Updates

پہلے مرحلے میں عوام کو کرپشن کیخلاف آگاہی دینے کیلئے مہم شروع کرینگے،واضح کرنا چاہتا ہوں اب یہ تحریک نہیں رکے گی‘ عمران خان

آصف زرداری پر میگا کرپشن کے الزامات ہیں ،اگر پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کا ساتھ دیا تو اسکی سیاست ختم ہو جائے گی شادی کر رہا ہوں کوئی بینک نہیں لوٹ رہا جو چھپاؤں گا ،تیسری شادی کی نیت ہے کیونکہ شادی سے اصل خوشی آتی ہے‘ چیئرمین پی ٹی آئی

ہفتہ 30 جولائی 2016 22:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کرپشن کیخلاف آگاہی دینے کیلئے مہم شروع کریں گے لیکن واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اب یہ تحریک نہیں رکے گی ،واضح کہہ چکا ہوں کہ آصف زرداری پر میگا کرپشن کے الزامات ہیں ،اگر پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کا ساتھ دیا تو اسکی سیاست ختم ہو جائے گی ،آج اتوار کو کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا جائے گا،نیب کا ادارہ کرپشن ختم کرنے کی بجائے اس میں اضافے کا باعث بن رہا ہے اسے ختم کر دینا چاہیے ، شادی کر رہا ہوں کوئی بینک نہیں لوٹ رہا جو چھپاؤں گا ،تیسری شادی کی نیت ہے کیونکہ شادی سے اصل خوشی آتی ہے،مرکز میں جس کی حکومت ہوتی ہے وہی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت بناتا ہے اسی لئے مجھے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی کی اتنی زیادہ امید نہیں تھی،الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعینات یہ سیاستدانوں کاکام نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ سپریم کورٹ کے نیچے ہونا چاہیے ،الیکشن کمیشن کے ممبران کیلئے جو مشاورت ہوئی ہے اس سے مطمئن نہیں ہوں۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف سات اگست کو پشاور سے راولپنڈی تک تحریک کا آغاز کر رہے ہیں جو لاہور کی طرف جائے گی ۔ یہ احتجاجی پروگرام نہیں بلکہ اس کے ذریعے عوام کو کرپشن کے خلاف آگاہی دیں گے کیونکہ کرپشن ملک کو تباہ کرتی ہے ۔ جب وزیر اعظم اور وزراء کرپشن کرتے ہیں تو وہ ملک کو تباہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین اگست کو اجلاس ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ٹی او آرز بن جائیں ، ہم حکومت کو تمام آئینی اور قانونی راستے دینا چاہتے ہیں ۔

کرپشن کے ذریعے ملک کا خون چوسا جا رہا ہے ۔ اگر قوم اب بھی کھڑی نہ ہوئی تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں مدرسوں کے نصاب کو بہتر کر رہے ہیں، اب مدرسوں کے نصاب میں انگلش بھی پڑھائی جائے گی۔ مدرسہ حقانیہ استادوں کی تربیت کا ادارہ ہے او ریہاں سے اساتذہ تیار ہو کر دوسرے مدارس میں جاتے ہیں ہم انکی تربیت کر ینگے ان کوسائنس اور دیگر علوم پڑھائیں گے ۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی پر (ن) لیگ کو مبارکباد دینے کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں سپورٹس مین ہوں اور وہ ویسے بھی بھاری اکثریت سے جیتے ہیں لیکن 31سیٹیں جیتنے والوں کو ساڑھے چھ لاکھ جبکہ پانچ سیٹیں حاصل کرنے والی دو جماعتوں کو سات لاکھ ووٹ ملے ہیں یہ بھی الگ کہانی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میں جب ہارتا ہوں تو اس بات کو نہیں سوچتا ، میں تو ہار کے بعد اخبار بھی نہیں پڑھتا۔

ویسے بھی سات آٹھ مہینے پہلے آزاد کشمیر میں ہماری پارٹی تک نہیں تھی۔انہوں نے شادی کے سوال کے جواب میں کہا کہ شادی کر رہا ہوں کوئی بینک نہیں لوٹ رہا جو چھپاؤں گا ۔ میری تیسری شادی کی نیت ہے کیونکہ اس سے اصل خوشی آتی ہے اور کوئی کنوارہ شادی شدہ انسان کی خوشی کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔کسی بھی کامیاب آدمی کے پیچھے ایک راز ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب انسان ڈی میں جاتا ہے تبھی گول کرتا ہے ،میں نے بیس سال سیاست کی ہے اور کبھی ڈی میں نہیں گیا ۔

2013ء میں آیا تھا جبکہ اس سے قبل 2008ء میں کوئی نشست نہیں تھی ۔ میں پہلی دفعہ آیا ، میر اباپ سیاست میں نہیں تھا ،میرا خاندان سیاسی نہیں تھا ایک آدمی کہاں سے اٹھا اور کہاں پہنچ گیا ، مجھے کسی ملٹری ڈکٹیٹر کی سپورٹ حاصل نہیں تھی جس طرح نواز شریف کو چوسنی دے کر بڑھا کیا گیا ،ذوالفقارعلی بھٹو آٹھ سال تک ڈکٹیٹر کے ساتھ رہا میں نے تو اکیلے جدوجہد شروع کی ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اداروں کو ایکسپوز کرنا ہے ، میں نے نیب اور الیکشن کمیشن کو ایکسپوز کرنا ہے ، نیب کی وجہ سے کرپشن کم نہیں ہو رہی بلکہ بڑھ رہی ہے اس لئے اسے بند کر دینا چاہیے بلکہ اس کی وجہ سے لوگ شیر ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے نظام سے خوش نہیں ،یہ سیاستدانوں کاکام نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ سپریم کورٹ کے نیچے ہونا چاہیے اور وہ فیصلہ کرے ۔

۔ یہاں میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکا ہوا ہے ۔ جب دو پارٹیاں چیئرمین نیب لگائیں گی تو وہ کیسے انہیں پکڑے گا ۔ دنیا میں غیر جانبدار ایمپائر ہوتے ہیں یہاں اپنے ایمپائر کھڑے کئے جاتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے معاملے پر دو جماعتوں نے آئین میں ترامیم کر لیں ۔ اب بھی الیکشن کمیشن کے ممبران کیلئے جو مشاورت ہوئی ہے میں اس سے مطمئن نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے میں حکمران خاندان کے بیانات میں تضاد ہے ۔ اگر قوم نے اب بھی قبول کرنا ہے تو تباہی کیلئے تیار ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق ریلوے میں دس ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے ۔اب جو بھی تحریک چلے گی وہ رکے گی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز کے معاملے پر تمام اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں ایک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح کہہ چکا ہوں کہ آصف علی زرداری پر میگا کرپشن کے الزامات ہیں لیکن اب انکی جماعت بھی فیصلہ کر بیٹھی ہے کہ نواز شریف جمہوریت میں جوابدہ ہیں ۔اگر اب پیپلز پارٹی (ن) لیگ سے ملے گی تو اسکی سیاست ختم ہو جائے گی کیونکہ قوم اب بڑی واضح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجا ج ہمارا جمہوری احتجاج ہے لیکن ہم اس سے پہلے حکومت کو پورا موقع دیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات