وی سی سے شکایت کیوں کی ؟“پمز کی میڈیکل سرجیکل وارڈ نمبر5کے پروفیسر ڈاکٹر نے مریضہ کو گالیاں دیکر نکال دیا

60سالہ خاتون آنسو بہاتے شدید درد کی حالت میں مسیحاخانہ سے باہر نکل گئی وی سی پمز اور سیکرٹری کیڈ کا واقعہ کا نوٹس، فوری تحقیقات کا حکم

پیر 1 اگست 2016 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اگست ۔2016ء) ”وی سی پمز سے شکایت کیوں کی ؟“میڈیکل سرجیکل وارڈ نمبر5کے پروفیسر ڈاکٹر نے مریضہ کو گالیاں دیکر وارڈ سے نکال دیا ہے۔60سالہ خاتون آنسو بہاتے ہوئے شدید درد کی حالت میں مسیحاخانہ سے باہر نکل گئی۔وی سی اور سیکرٹری کیڈ نے واقعہ کا نوٹس لیکر فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرجیکل وارڈ 5 میں بیڈ نمبر1پر پتے کے آپریشن کیلئے مری سے آئی ہوئی60سالہ مریضہ زلفیٰ بی بی سے ٹاؤٹ مافیا نے بہانے کے ذریعے 20ہزار روپے آپریشن فیس کے نام پر مانگ لئے،جس کے بعد مریضہ نے وی سی پمز کو شکایت کردی کہ وہ ایک غریب مریضہ ہے اور آپریشن کیلئے20,000روپے ان کے پاس نہیں ہیں جبکہ وارڈ میں موجود ڈاکٹر ان کو دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر فیس جمع نہیں کروائی تو آپ کو کل ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا،جس پر وی سی نے پروفیسر ڈاکٹر عاطف نعیم شامی سے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی لیکن ڈاکٹر عاطف نے انکوائری کی بجائے بیڈ پر لیٹے مریض کو نائٹ انچارج پی جی ڈاکٹر جمیل کے فون کے ذریعے بات کی اور مریضہ کو سخت گالیاں دے کر وارڈ سے باہر نکال دیا اور دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وی سی کو کیوں شکایت کی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد 60سالہ مریضہ روتی ہوئی شدید درد کی حالت میں ہسپتال سے نکل کر گھر واپس چلی گئی۔اس حوالے سے جب آن لائن نے پروفیسر ڈاکٹر عاطف نعیم شامی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو بار بار رابطہ کرنے پر بھی انہوں نے جواب نہیں دیاجبکہ اس حوالے سے وی سی پمز پروفیسر جاوید اکرم نے آن لائن کو بتایا کہ انہوں نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ پروفیسر کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیاہے جبکہ سیکرٹری کیڈ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اس واقعے کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور باقاعدہ انکوائری کروائی جائے گی۔(ولی)

متعلقہ عنوان :