وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے ماہرین کی ٹیم کراچی بھجوا دی

منگل 2 اگست 2016 23:14

لاہور۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 اگست ۔2016ء ) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اپنے ماہرین کی ٹیم کراچی بھجوا دی ہے جو وہاں سندھ پولیس کو آئی ٹی کے منصوبے اپنانے میں معاونت فراہم کرے گی۔ٹیم ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف اور جنرل مینجر برہان رسول پر مشتمل ہے جنہوں نے گذشتہ روز آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور سندھ پولیس کے تمام اعلیٰ افسران کو پنجاب پولیس کے آئی ٹی پر مبنی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

آئی جی سندھ نے ان منصوبوں کو بے حد سراہا ۔ انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی بڑھانے کے لئے فوری طور پرپنجاب کا ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم، کمپلینٹ سسٹم، پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے زیر استعمال آئی ٹی سسٹم اور کریمینل ریکارڈ آفس کا سسٹم شروع کرنے کی ہدائت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پنجاب پولیس کے آئی ٹی منصوبے اپنانے کے لئے چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن نے پنجاب حکومت کوباقاعدہ مراسلہ بھجوایا تھا جس پر یہ ٹیم بھجوائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس امر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر سندھ پولیس کو ہر ممکن معاونت کا حکم دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف سندھ ہی نہیں بلکہ وفاقی وفاق، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان بھی پنجاب کے کامیاب آئی ٹی منصوبوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پرسندھ کویہ معاونت بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہے۔