وزیر اعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ کی ملاقات ،ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ (ن) اوورسیز پاکستانیوں کو خصوصی اہمیت دیتی ہے ، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم کردار ہے،حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مزیدنئے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے ، چین کے تعاون سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوششیں کررہے ہیں،شہباز شریف کی گفتگو

منگل 2 اگست 2016 23:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ نے ملاقات کی ،ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات کے دوران ناصر بٹ نے شہباز شریف کو چین کے حالیہ کامیاب دورے اور آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر مبارک باد دی اور پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی سراہا ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اوورسیز پاکستانیوں کو خصوصی اہمیت دیتی ہے ، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم کردار ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مزید ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے ۔ چین کے تعاون سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ ملتان میں میٹرو کا منصوبہ بھی کامیابی سے جاری ہے ۔ ملاقات میں راولپنڈی میں جاری ترقیاتی کاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ……(م د)