آرمی چیف جمہوریت کی کشتی کو پار لگائیں گے جو بھی حکومت گرانے کی بات کرے وہ غلط ہے

موجودہ حکومت کو اپنے 5 سال پورے کرنے چاہیں ، ملک میں انتشار ہوگا تو کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا سکتی ہے،سب کا احتساب ہونا چاہیے سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 2 اگست 2016 23:24

آرمی چیف جمہوریت کی کشتی کو پار لگائیں گے جو بھی حکومت گرانے کی بات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 اگست ۔2016ء) سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف جمہوریت کی کشتی کو پار لگائیں گے جو بھی حکومت گرانے کی بات کرے وہ غلط ہے ۔موجودہ حکومت کو اپنے 5 سال پورے کرنے چاہیں ۔وہ منگل کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئین بات ہے کہ جنرل راحیل شریف جمہوریت پسند آفیسر ہیں ، وہ جمہوریت کی کشتی کو پار لگائیں گے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ جو بھی حکومت کو گرانے کی بات کرے وہ غلط ہے۔موجودہ حکومت کو 5 سال پورے کرنے چاہیں اور ملک میں جمہوریعمل آگے بڑھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے جب تحریک انصاف نے استعفے جمع کروائے تھے تو میں نے عمران خان سے کہا تھا کہ آپ لوگ اسمبلی سے استعفے واپس لے لیں گے ۔

(جاری ہے)

اگر ہمت ہوتی تو میری طرح اسمبلی فلور پر کھڑے ہوکر اپنے استعفے کا اعلان کرتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو احتجاج کرنا چاہیے مٹھائیاں بانٹنے کی باتیں نہیں کرنی چاہیئیں۔اگر ملک میں انتشار ہوگا تو کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ملک سے باہر جائیداد تو سب کی ہے۔ طاہر القادری جو حکومت کے خلاف احتجاج کرتے پھر رہے ہیں ان کی اپنی جائیداد کینیڈا میں ہے۔برابری کی بنیاد پر سب کا احتساب کیاجائے تو اس میں ملک کا بھی فائدہ ہوگا۔(ح ب)