وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے خود متحرک ہوں،آفتاب شیرپاؤ

بدھ 3 اگست 2016 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 اگست ۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے خود متحرک ہوں‘ مریم نواز نے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون بنانے کے لئے چار دن کا کہا تھا پندرہ دن گزر گئے ابھی تک کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی‘ بھارتی وزیر داخلہ کو مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا جائے‘ رینجرز اختیارات کا مسئلہ مل بیٹھ کر حل کیا جانا چاہئے۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کسی طور قابل قبول نہیں۔ کشمیر کا مسئلہ موثر انداز میں ہر فورم پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر مبذول کروانے کے لئے پاکستان کی سفارتی اور ریاستی مشینری کو متحرک کیا جانا چاہئے۔

وزیراعظم اس مسئلے کو خود ہینڈل کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل اسلام کے منافی ہے اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ غیرت کے نام پر قتل سب سے زیادہ پاکستان میں ہورہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا تھا کہ اس کے خلاف قانون تین سے چار دنوں میں لا رہے ہیں لیکن پندرہ دن گزرنے کے باوجود اس میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی۔ وزیراعظم اس معاملے پر تمام جماعتوں کی میٹنگ بلائیں اور پھر قانون سازی کی جائے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اصولی موقف سے آگاہ کیا جائے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ مقبوضہ کشمیر کا ہے۔ سارک کا فورم ہو یا اقوام متحدہ کا ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اٹھایا جائے اس حوالے سے حکومت ایک موثر پالیسی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے وفاق اور سندھ میں پائے جانے والے تناؤ پر افسوس ہے۔ کراچی میں آپریشن کے نتیجے میں لازمی بات ہے کہ دہشت گرد اندرون سندھ کا رخ کرینگے لہذا وہاں بھی آپریشن ضروری ہے۔ امن و امان قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ یہ انسانی معاملہ ہے تمام فریقین کو معاملہ مل بیٹھ کر حل کرنا چاہئے۔