وزیراعظم نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لے لیا

وزیر برائے انسانی وسائل سعودی عرب جا کر پاکستانیوں کے مسائل کا جائزہ لیں اور اس کا حل نکالا جائے، وزارت مسئلہ حل ہونے تکسعودی عرب میں پاکستانی مشن سے رابطہ رکھے، بیت المال سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے وسائل فراہم کرے ،پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے نوازشریف کی وزارت خارجہ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

بدھ 3 اگست 2016 23:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر برائے انسانی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب جا کر پاکستانیوں کے مسائل کا جائزہ لیں اور اس کا حل نکالا جائے ۔ بدھ کو وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لے لیا اور انہوں نے وزیر برائے انسانی وسائل کو فوری طور پر سعودی عرب جانے کی ہدایت کر دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر سعودی عرب میں محصور پاکستانیوں کے ریلیف کے لئے مضبوط اقدامات کریں ۔ وزارت مسئلہ حل ہونے تک سعودی عرب میں پاکستانی مشن سے رابطہ رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے وسائل فراہم کرے ۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔انہوں نے وزارت خارجہ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی ۔