بلوچستان خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں کی تکمیل پر صوبہ میں معاشی و سماجی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بلوچستان میں امن و ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،صدر ممنون حسین کی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

جمعرات 4 اگست 2016 23:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں کی تکمیل پر صوبہ میں معاشی و سماجی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ جمعرات کو یہاں گورنر ہاؤس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر نے بلوچستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پراجیکٹس، گوادر میں گہرے سمندر کی بندرگاہ کی اپ گریڈیشن، گوادر پورٹ ایکسپریس وے اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ صوبہ میں معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا اور ان سے روزگار کے زبردست مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کیلئے صوبہ میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عزم کر رکھا ہے۔

صدر نے صوبہ کے عوام کی خدمت کیلئے صوبائی حکومت کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور ان کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کیلئے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کیلئے ہر قیمت پر شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان کی ترقی میں گہری دلچسپی لینے پر صدر سے اظہار تشکر کیا اور انہیں صوبہ بھر کے ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی صورتحال اور ان پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا۔ انھوں نے صوبہ کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون اور تمام سہولیات کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا۔