ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کاسچل گوٹھ، میڑوول تھرڈ اور دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ

جمعہ 5 اگست 2016 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 اگست ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شفیق الرحمن نے بلدیاتی امور کی بہتری اور مسائل کے حل کے سلسلے میں یونین کونسل 29 اور30کے مختلف علاقوں بالخصوص موسمیات روڈ،سچل گوٹھ، مدراس چوک ، اسکیم 33 اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے بلدیاتی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر بلدیہ شرقی کی جانب سے میونسپل کمشنر، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ نفیس احمد خان و اعجاز شیخ،ڈائریکٹرلوکل ٹیکسز اینڈ ریکوری عزیز انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس راشد فیاض اور دیگر افسران موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر صفائی ستھرائی بالخصوص کچرا کنڈیوں اور شاہراہ کی صفائی و ستھرائی اور گرین بیلٹس کی صفائی اور تزین و آرائش کا تفصیلی معائنہ کیا گیا،اس سلسلے میں موسمیات روڈ اور سچل گوٹھ میں کچرا کنڈیوں سے ڈھیروں ٹن کچرا اٹھالیا گیا جبکہ جھاڑیوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے ایڈمنسٹریٹر شفیق ارحمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں پرانا کچرا وملبہ موجود ہے، وہاں سے بھی کچرا اٹھانے کا عمل یقینی بنایا جائے مزید براں مدراس چوک تا ختم نبوت چوک تک جھاڑیوں کی صفائی اور نئے پودے لگانے کی ہدایت کی گئی علاوہ ازیں گلزار ہجری روڈ پر ناہموار سڑک کولیول کرکے ہموار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر شفیق الرحمن نے اس موقع پرکہا کہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اس کیلئے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے صفائی ستھرائی و دیگر بلدیاتی امور کی درستگی کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں جس کے نتائج عوام کو نظر آنے لگے ہیں۔