سعودی عرب میں پاکستانی ملازم نے خود کشی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 اگست 2016 12:25

سعودی عرب میں پاکستانی ملازم نے خود کشی کر لی

ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اگست 2016ء ) : پاکستان کے شہر کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک وسط عمر کے شخص جو کہ چار بچوں کا باپ بھی ہے، نے سعودی عرب میں 3 ماہ سے تنخواہ کی عدم ادائیگی پر مبینہ طور پر خود کُشی کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نارا موٹر کے رہائشی شاہد اقبال نے تنخواہ کی عدم ادائیگی پر سعودی عرب کے شہر العبوا میں اپنے کمرے میں خود کُشی کر لی۔

شاہد کے چھوٹے بھائی زاہد اقبال نے بتایا کہ اجرت نہ ملنے پر میرا بھائی شدید پریشانی اور ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ زاہد نے بتایا کہ خود کشی سے ایک روز قبل میرے بھائی نے مجھ سے بات کی اور بتایا کہ آجر نے اسے اجرت کی ادائیگی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ شاہد نے مجھ سے گھریلو حالات سے متعلق دریافت کیا جس پر میں نے اسے بتایا کہ گھر میں بہت مشکل سے گزر بسر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

زاہد نے بتایا کہ منشی سے بات کرنے کے بعد شاہد سے 14 سو سعودی ریال ماہانہ اجرت طے ہوئی تھی لیکن کمپنی نے شاہد کو 700 سعودی ریال ماہانہ دینے کا فیصلہ جس نے شروع دن سے ہی شاہد کو پریشان رکھا تھا۔ زاہد نے مزید بتایا کہ میرے اہل خانہ نے شاہد کو سعودی عرب بھیجنے کے لیے ڈھائی لاکھ روپے کا قرض اٹھایا تھا، تاکہ خاندان کے معاشی حالات کو بہتر کیا جا سکے، اور ہم اس بات پر مطمئن تھے کہ شاہد اپنے بچوں کی بہتر پرورش کر سکے گا۔

زاید نے کہا کہ ہمارے علاقہ کے کچھ اور لوگوں نے بھی ہمیں آگاہ کیا کہ شاہد نے سعودی عرب میں خود کشی کر لی ہے۔ شاہد کے سعودی عرب میں کام کی نوعیت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں زاہد نے بتایا کہ ایک پاکستان ایجنٹ کے مطابق شاہد لوڈنگ اور پیکنگ کا کام کرتا تھا۔

متعلقہ عنوان :