ترک عوام نے منتخب حکومت کے دفاع اور بغاوت کی ناکامی میں کلیدی کردار ادا کیا، علاو الدین بروجردی

پیر 8 اگست 2016 13:20

تہران ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اگست۔2016ء) ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاو الدین بروجردی نے کہا ہے کہ ترک عوام نے منتخب حکومت کے دفاع اور بغاوت کی ناکامی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات انہوں نے تہران میں تعینات ترکی کے سفیر رضا ہاکان تکین سے ملاقات کے دوران کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قانونی اور عوامی حکومتوں کے خلاف بغاوت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے خطے میں دہشت گرد گروپوں کے اقدامات اور سیکورٹی سے متعلق مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان مشکلات کے حل کے لئے ایران، شام اور ترکی سمیت خطے کے موٴثر ممالک کا باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔ ترکی کے سفیر نے اپنے ملک میں ہونے والی فوجی بغاوت کے شروع میں ہی ایران کی جانب سے اس بغاوت کی مذمت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا ۔