یوٹیلیٹی سٹورزپر مختلف دالوں کی قیمتوں میں مذید 5سے 10 روپے فی کلو کمی

تیل ،گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش پر سبسڈی کو اگست کے مہینے میں بھی جاری رکھنے کا اعلان

پیر 8 اگست 2016 16:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اگست۔2016ء) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف دالوں کی قیمتوں میں مذید 5سے 10 روپے فی کلو کی کمی کر دی گئی ہے جبکہ تیل ،گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش پر سبسڈی کو اگست کے مہینے میں بھی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے ، یوٹیلیٹی سٹورز کے ذرائع کے مطابق ماہ اگست میں ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں مذید10روپے فی کلو کے حساب سے کمی کر دی گئی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں دال ماش دھلی ہوئی 250روپے فی کلو گرام دال مونگ 135روپے جبکہ دال مسور142روپے فی کلو گرام دستیاب ہوگی ذرائع کے مطابق ملک بھر کے سٹوروں پر دال چنا120 روپے فی کلو ،سفید چنا115روپے فی کلوکالا چنا110 روپے فی کلو،یوٹیلیٹی گھی112 روپے فی کلو یوٹیلیٹی آئل120روپے اور چینی 65روپے فی کلو گرام دستیاب ہوگی ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت مارکیٹ سے 10روپے فی کلو کم ہونے کی وجہ سے سٹوروں پر چینی کی خریداری کا رش بڑھ جانے کی وجہ سے چینی کی قلت پیدا ہوگئی تھی جیسے دور کرنے کیلئے کارپوریشن نے ہنگامی بنیادوں پر 12ہزار میٹرک ٹن چینی خریدنے کیلئے ٹی سی پی سمیت حکومتی اداروں سے رابطے کر لئے ہیں جبکہ شوگر ملز سے بھی چینی کی خریداری کیلئے ٹینڈرطلب کئے گئے ہیں ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ماہ رمضان سے مختلف اشیاء خورد ونوش پر سبسڈی کا سلسلہ ماہ اگست میں بھی جاری رہے گاجبکہ کارپوریشن نے یوٹیلیٹی سٹورز کو اشیاء فراہم کرنے والی کمپنیوں سے بھی عوام کو رعایتی نرخوں پر اشیاء فراہم کرنے کیلئے رابطے کئے ہیں ۔