سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کا ایک مثالی اور تاریخی کارنامہ ہے ہمیں فخر ہے کہ یہ دوستی لوگوں کے دلوں میں بستی ہے‘رانا محمد اقبال خاں

معاشی منصوبوں کی تکمیل سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہونگے ،پاکستان سے اچھے تعلقات ترجیحات میں شامل ہیں ‘چینی پارلیمانی وفد کے سربراہ مسٹر یی وینچنگ کی پنجاب اسمبلی آمد پر گفتگو

پیر 8 اگست 2016 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء ) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور لازوال ہے جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا تو چین نے ہمیشہ ہماری مد د کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر نے چین کے پارلیمانی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چین کا 6رکنی پارلیمانی وفد مسٹر یی وینچنگ وائس چیئرمین کمیٹی برائے پرسنل الیکشن افیئرکی قیادت میں پاکستان آیا ہوا ہے ۔

وفد نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا اورسپیکر رانا محمد اقبال خاں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سپیکر نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اورچائنہ کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے نہ صرف ملک ِپاکستان بلکہ پورے خطے کو اس سے فائدہ حاصل ہو گا۔

تمام صوبے اس سے یکساں طور پر مستفید ہونگے اور ملک میں اقتصادی اور معاشی خوشحالی آئے گی ۔ پنجاب میں توانائی ، تعلیم ، زراعت ، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بے شمار پر کشش مواقع میسر ہیں جن سے چینی سرمایہ کار خاطر خواہ فوائد حاصل کر رہے ہیں۔ معاشی و اقتصادی میدان میں باہمی روابط سے پاکستان اور چائنہ کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وفد کے سربراہ مسٹر یی وینچنگ نے کہا کہ پاکستان اور با ا لخصوص لاہور کے لوگ بڑے مہمان نواز اور ملنسار ہیں۔پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہو نگے ۔ بعدازاں تحائف کا تبادلہ کیا گیا اور رانا محمد اقبال خاں نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔