قائد اعظم لائبر یری میں بسلسلہ یوم آزادی پاکستان تقریبات جاری، تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر وتاریخی دستاویزات، کتب اور تصاویر کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا

پیر 8 اگست 2016 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء ) قائد اعظم لائبریری میں پنجاب آرکائیوز لاہور، نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور پنجاب پبلک لائبریری کے اشتراک سے تقریبات بسلسلہ یوم آزادی پاکستان کا سلسلہ جاریہے۔ جس میں تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر و تاریخی کتب و دستاویزات اور تصاویر کو نمائش کے لئے پیش کیاگیاہے۔ افتتاحی تقریب05 اگست کوقائداعظم لائبریری کے اقبال ہال میں منعقد ہوئی اور یہ سلسلہ 14اگست تک صبح 9بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔

اسی سلسلے میں یہاں مذاکرے ،سمینارز اورملی ترانوں کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ14اگست کو پرچم کشائی کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی چئیرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، ریٹائرڈ چیف جسٹس محبوب احمد نے کیا۔

(جاری ہے)

روزانہ کی بنیاد پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نمائش کا دورہ کر رہی ہیں۔نامور صحافی و کالم نگار اور تحریک پاکستان کے کارکنانریاض چوہدری اور عبدالستار شیخ نے بھی گزشتہ روز نمائش کا دورہ کیا۔

ریاض چوہدری نے نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کے حوالے سے ایسی نادر کتب، خطوط و دستاویزات کو نمائش کے لئے رکھنا قابل تحسین ہے۔ تاریخ، مطالعہ پاکستان، سیوکس اور ماس کمیونیکیشن کے طلبہ کو نمائش کا دورہ کر کے ایسی نایاب معلومات سے ضرور مستفید ہونا چاہیے۔ نمائش میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے بھی سٹالز لگا ئے گئے ہیں۔ آرکائیوز کی جانب سے تحریک پاکستان، صدارتی خطبات، قائد اعظم محمد علی جناح اور گاندھی کی ملاقاتوں کے احوال کی کاپیاں ڈسپلے کئی گئی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز اور سیکرٹری بورڈ آف گورنرز قائد اعظم لائبریری ڈاکٹر ظہیر احمد بابر نیعوام عالم کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔