آزادی خدا کی بہت بڑی نعمت ہے ،ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے‘ریاض چوہدری ، عبدالستار شیخ

تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر کے اتحاد ویکجہتی کے سامنے انگریز بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا‘ گفتگو

پیر 8 اگست 2016 18:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکنان ریاض چودھری اور عبدالستار شیخ نے کہا ہے کہ آزادی خدا کی بہت بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے، تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر کے اتحاد ویکجہتی کے سامنے انگریز بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں جاری تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچرکے دوران کیا۔

ریاض چودھری نے کہا کہ پاکستان بیشمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ۔ قائداعظمؒ ہندو کی ذہنیت کو قریب سے دیکھنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچے تھے کہ ہندو اور مسلمان کبھی اکٹھے نہیں رہ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ نے شاندار کامیابی حاصل کی ۔ عبدالستار شیخ نے کہا کہ قائداعظمؒکی عظمت کا اعتراف ان کے مخالفین بھی کرتے ہیں ۔ تحریک پاکستان کے ایام میں مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور قائداعظمؒ بھی ان کی توقعات پر پورا اترے۔

نئی نسل تحریک پاکستان ، دوقومی نظریہ اور قیام پاکستان کے حقیقی اسباب ومقاصد سے ضرور آگہی حاصل کرے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مملکت کو قائداعظمؒ اورعلامہ محمد اقبالؒ کی خواہشات کے عین مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانے کیلئے ہر ایک اپنا کردار ادا کرے۔ریاض چودھری اور عبدالستار شیخ نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘ 1945-46ء کے دوران مسلم لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے متعدد واقعات بھی سنائے۔ تقریبات یوم آزدی کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :