جشن آزادی پر سپورٹس کے فروغ اور آگاہی کیلئے خصوصی فلوٹس کی پنجاب بھر میں نمائش کی جائیگی‘نیئر اقبال

قومی ہیروز کو خراج تحسین اور نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کیلئے فلوٹس خصوصی طور پر تیار کئے ہیں، ان پر سٹار کھلاڑیوں کے پورٹریٹس لگائے گئے ہیں،فلوٹس پر ملی نغمے سنائے جائیں گے، 3اگست سے سپورٹس گالا شروع ہوچکا ہے،سیکرٹری سپورٹس پنجاب فلوٹس کی مختلف شہروں کیلئے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

پیر 8 اگست 2016 18:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور زندہ قومیں اسے بھرپور اور جوشیلے انداز میں مناتی ہیں، قومی ہیروز کو خراج تحسین اور نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے 3فلوٹس تیار کئے ہیں جن کو صوبہ بھر میں نمائش کیلئے روانہ کردیا گیا ہے، فلوٹس نوجوانوں میں سپورٹس کا شوق پیدا کرنے میں کارآمد ثابت ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس فلوٹس کی پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین، ڈائریکٹر ایڈمن محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈپٹی ڈٖائریکٹر مشتاق ٹوانہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا ندیم انجم ، وقاص اکبر اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا کہ فلوٹس پر سپورٹس کے میدان میں کھلاڑیوں کی جانب سے جیتے گئے میڈلز اور ٹرافیوں کی نمائش کی جائے گی تاکہ نوجوانوں میں سپورٹس کا شوق پیدا ہو اور وہ صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں ، فلوٹس پر سٹار کھلاڑیوں کے پورٹریٹس کی نمائش کے علاوہ سپورٹس سٹارز کے فلیکس بھی لگائے گئے ہیں، فلوٹس پر ملی نغمے بھی سنائے جائیں گے، فلوٹس کی 14اگست تک لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، ملتان ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ریجنز کے شہروں میں نمائش کی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کیلئے بڑا فلوٹ ہوگا اس کے علاوہ جشن آزادی کے سلسلہ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام3اگست سے صوبہ بھر میں سپورٹس گالا شروع ہوچکا ہے جس میں سپورٹس کے ایونٹس منعقد کرائے جارہے ہیں۔بعدازاں سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے فلوٹس کو مختلف شہروں کیلئے روانہ کیا، فلوٹس کی روانگی سے قبل ڈھول بجائے گئے اور سکائی کینڈلز بھی روشن کی گئیں، اس موقع پر سپورٹس لوررز کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :