سانحہ کوئٹہ پر پوری قوم سوگوار ہے،دہشت گرد انسانیت کے دشمن،کسی رعایت کے مستحق نہیں، آرمی چیف ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں،نظریاتی سرپرستوں کے خلاف بھی ایکشن لیں

عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ مذمتی بیان

پیر 8 اگست 2016 18:21

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ،سینئر نائب صدر ڈاکٹر زبیراے خان،سیکرٹری جنرل سردار سیف اﷲ سدوزئی ایڈووکیٹ ،آرگنائزر چوہدری قمرعباس دھول،میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی،ضلعی رہنما میجر محمد اقبال چغتائی،عمر دین سعیدی،مہر فدا حسین اور دیگر نے کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ نے آج پوری قوم کو سوگوار کردیا ہے۔دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔

(جاری ہے)

پنجاب اور بلوچستان میں بھی ضرب عضب کی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی قبائلی علاقہ جات میں۔

قومی سلامتی کے اداروں کو دہشت گردوں کے نظریاتی سرپرستوں کے خلاف بھی ایکشن لینا ہوگا۔اور سیاست کی چھتری میں چھپے دہشت گردوں کا خاتمہ بھی بہت ضروری ہے۔ملک میں قیام امن کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔جب تک ملک میں دہشت گردوں کے سرپرست اقتدار میں ہیں دہشت گردی کا خاتمہ ایک خواب ہی رہے گا۔