فاضل گندم کی ایکسپورٹ کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں‘سیکرٹری خوراک پنجاب آصف بلال لودھی

جعلی ایکسپورٹ کی باتیں کرنے والے محض انڈسٹری سے وابستہ افراد اور حکومت کو گمراہ کرنے کی سازش کررہے ہیں‘ نعیم بٹ فلور ملز مالکان 6 لاکھ ٹن گندم و مصنوعات کی ایکسپورٹ کے ذریعے 21 ارب روپے کا بزنس کر سکتے ہیں، حکومت فائن میدہ کی ایکسپورٹ کی بھی اجازت دے ‘افتخار مٹو، عاصم رضا

پیر 8 اگست 2016 19:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے زیر اہتمام گزشتہ روز گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ بارے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خوراک پنجاب آصف بلال لودھی نے کہا کہ گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں،پہلے مرحلے میں 6لاکھ ٹن فاضل گندم ایکسپورٹ کر نے کی اجازت دی گئی ہے ،پورے پنجاب سے ایکسپورٹر ز کی آسانی کو مد نظر رکھتے ہوئے گندم فراہم کی جائے گی، لہذا گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے خواہشمند برآمدکنندگان کے لئے بہترین موقع ہے جس کے ذریعے وہ زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔

تقریب میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین خواجہ ریحان انجم ، میاں ریاض ، طارق سرور اعوان ، داؤد خان ، حافظ اعظم سمیت فلو رملز مالکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں شریک فلور ملز مالکان کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایف ایم اے نعیم بٹ نے کہا کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی انتھک محنت کے نتیجے میں حکومت نے ہمیں 6لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ نہ تو کبھی ماضی میں ایک کلو آٹا یا گندم کی جعلی ایکسپورٹ ہوئی ہے نہ اس مرتبہ ہوگی تاہم گندم اور گندم کی مصنوعات کے حوالے سے جو جعلی ایکسپورٹ کی باتیں کرتے ہیں وہ محض انڈسٹری سے وابستہ کاروباری افراد اور حکومت کو گمراہ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔

چیئرمین (پنجاب)افتخار احمد مٹو نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 120 ڈالر ریبیٹ دی گئی ہے اور گندم اور گندم کی مصنوعات ایکسپورٹ کرنے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ فلور ملز مالکان 6 لاکھ ٹن گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے ذریعے 21 ارب روپے کا بزنس کر سکتے ہیں ،جس کے ذریعے نہ صرف فلور ملز مالکان کو فائدہ ہوگا بلکہ فلور ملنگ انڈسٹری سے وابستہ دیگر افراد کو بھی روزگار کے مواقعے حاصل ہونگے ۔

آواز گروپ کے لیڈر عاصم رضا نے کہا کہ حکومت فائن میدہ کی ایکسپورٹ کی بھی اجازت دے ، انہوں نے کہا کہ پہلے فیز میں حکومت سے 6لاکھ ٹن گندم اور گندم کی مصنوعات ایکسپورٹ کرنے کی اجازت حاصل کر چکے ہیں حکومت ہمارا مطالبہ تھا کہ 150 ڈالر ریبیٹ دی جائے تاہم حکومت کی جانب سے 120ڈالر کی ریبیٹ دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غلام خان ، کلاچی کے بارڈرز سمیت سمندر کے راستے بھی گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کیلئے کھولے جائیں انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 6 لاکھ ٹن گندم اور مصنوعات کی ایکسپورٹ کریں گے جبکہ بعد ازاں ملک میں پڑی مزید فاضل گندم ایکسپورٹ کرنے کی بھی اجازت حاصل کریں گے تاکہ ہمارے ملک کی بند پڑی فلور ملنگ انڈسٹری کی بحالی ممکن ہو سکے۔

ورکشاپ سے دیگر مقرریں میں چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر شہزاد عالم ، ڈاکٹر سخاوت نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :