حکمرانوں کاطرز زندگی بدل گیاہے عوام کی زندگیوں میں ترقی نہیں ہورہی‘سراج الحق

چاروں اطراف سے مسلمانوں کامحاصرہ ہورہا ہے،جو لوگ ہم پر مسلط ہیں وہ بدعنوان اور ظالم ہیں،کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے ہمیں بھر پور تحریک چلانی ہوگی تب ہی ملک کو کرپشن سے پاک کیا جاسکتاہے،ملک میں دونظام تعلیم چل رہے ہیں اولیول کرنے والے حکومت اور بیوروکریسی میں آگئے ہیں اوراس وقت 42لاکھ بچے میٹرک میں زیر تعلیم ہیں جو غلامی کے لیے تیار ہورہے ہیں‘امیر جماعت اسلامی

پیر 8 اگست 2016 19:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں کاطرز زندگی بدل گیاہے مگر عوام کی زندگیوں میں ترقی نہیں ہورہی، حکمران عوام کو ڈیلیور نہیں کرسکے،قوم کو نفسیاتی طور پر تباہ کردیا گیا ہے،المیہ یہ ہے کہ پاکستان میں جوآئین کو توڑتا ہے اسے ریڈ کارپٹ پر الوداع کیا جاتا ہے۔

ان خیالات اظہارانہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی پنجاب منصورہ میں ضلع سیالکوٹ کے احباب جمعیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ چاروں اطراف سے مسلمانوں کامحاصرہ ہورہا ہے۔جو لوگ ہم پر مسلط ہیں وہ بدعنوان اور ظالم ہیں۔کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے ہمیں بھر پور تحریک چلانی ہوگی تب ہی ملک کو کرپشن سے پاک کیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں دونظام تعلیم چل رہے ہیں اولیول کرنے والے حکومت اور بیوروکریسی میں آگئے ہیں اوراس وقت 42لاکھ بچے میٹرک میں زیر تعلیم ہیں جو غلامی کے لیے تیار ہورہے ہیں۔

ہمارے ملک میں 64فیصد زمین پر صرف5فیصد جاگیرداروں کاقبضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر سال لاکھوں بچے زیادتی کا شکارہورہے ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی۔ایک زندہ اور باضمیر معاشرہ یہ اجازت نہیں دیتاکہ ہم خاموش تماشائی کاکردار اداکریں۔حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے ہیں۔انشاء اﷲ ہم برسراقتدار آکر دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ لادینیت،فحاشی وعریانی کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔مفت تعلیم،مفت علاج،بے گھروں کو گھر،بے روزگاروں کو روزگاردینا حکومت کافرض ہے مگر وہ اپناکردارادانہیں کررہی۔انہوں نے کہاکہ غیر ترقیاتی اخراجات اور کرپشن پر قابوپالیا جائے تو ملک ترقی کرسکتا ہے اور پاکستان کے شہریوں کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 23کھرب روپے کی سالانہ کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ دین کا کام اﷲ کی نعمت ہے ۔اﷲ کو جومحبوب ہوگاوہ اس سے دین کاکام لے گا۔اسلامی جمعیت طلبہ میں آئے تو ہم نے شعوری طورپراسلام کوسمجھا۔ہمیں عملی زندگی میں جاکر باطل نظام کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ہم حالت جنگ میں ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کی کارکردگی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

جمعیت سے لوگ تیارہوکر ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچے یہ ایک اعزازکی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہر طرف افراتفری اور نفسانفسی کا عالم ہے۔برسر اقتدار لوگ عوام سے اپنا رشتہ ناطہ توڑ چکے ہیں انہیں عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عوام کی تقدیرکے فیصلے کرنے والے نہیں جانتے کہ لوڈشیڈنگ کاعذاب کیاہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اگر کوئی جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تووہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔ہم نے ہمیشہ عوام کی آواز کو ایوانوں میں اٹھایا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کی ہیں۔ہمارے مختلف ادوار میں ایک ہزار سے زائد نمائندے منتخب ہوکر اسمبلیوں میں گئے ہیں مگر اسلامی جمعیت طلبہ کی ذہن سازی اور جماعت اسلامی کی تربیت ہی ہے کہ کسی ایک پر بھی کرپشن کاکوئی الزام نہیں لگا۔

بے داغ،محب وطن اور پڑھی لکھی قیادت جماعت اسلامی کے پاس ہے جوعوام کو ڈیلیور کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ احباب جمعیت ہماراثاثہ ہیں۔آپ کو ہمارے دست وبازوبن کر کام کرنا ہے تاکہ معاشرے میں جماعت اسلامی کے پیغام زیادہ سے زیادہ پھیلایاجاسکے۔