واپڈا نے اندرون سندھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی

چند ملی میٹر بارش کے بعدحیسکو اور سیپکو کا سارا سسٹم بیٹھ گیا، 20-18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،ارکان سینیٹ

پیر 8 اگست 2016 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تاج حیدر، عاجز دھامرہ اور سسی پلیجو نے واپڈا کی طرف سے سندھ کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا نے اندرون سندھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کئے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ واپڈا بجلی کی تقسیم کے معاملے پر سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کررہا ہے۔

غیر منصفانہ اور غیر مساویانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

حیسکو اور سیپکو نے اندرون سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی انتہا کر دی ہے۔ چند ملی میٹر بارش کے بعدحیسکو اور سیپکو کا سارا سسٹم بیٹھ گیا اور 20-18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بعض علاقوں میں تو دو دنوں سے لائٹ نہیں ہے۔ ٹوٹے ہوئے تار نہیں بنائے جا رہے نہ ہی کیبل فالٹ دور کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام سخت اذیت کا شکار ہیں اور پتھر کے دور میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں بجلی کی مساوی تقسیم کی جائے اور ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جائے ۔ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے تاکہ عوام اپنے معمولات زندگی برقرار رکھ سکیں۔