کراچی، تجاوزات کے خلاف کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن جاری

گجر نالہ اور منظور کالونی نالے میں اب تک 750 مکانات کو منہدم کیا چکا ہے موجودہ بارشوں میں کسی نالے نے اوور فلو نہیں کیا، ایڈمنسٹریٹرکراچی شادمان کے علاقے میں موجود نالے میں ٹیکنیکل مسائل کی وجہ سے پانی کی نکاسی میں مشکلات پیش آئیں جن کا انجینئرنگ حل نکالا جا رہا ہے، لئیق احمد

پیر 8 اگست 2016 20:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن جاری ہے گجر نالہ اور منظور کالونی نالے میں اب تک 750 مکانات کو منہدم کیا چکا ہے موجودہ بارشوں میں کسی نالے نے اوور فلو نہیں کیا اور نالوں کی صفائی کی وجہ سے برساتی پانی کی نکاسی کا عمل جاری رہا یہ بات انہوں نے الیکٹرونک میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ شادمان کے علاقے میں موجود نالے میں ٹیکنیکل مسائل کی وجہ سے پانی کی نکاسی میں مشکلات پیش آئیں جن کا انجینئرنگ حل نکالا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ لاتعداد مکانات کا سیوریج سسٹم نالوں سے منسلک کردیا گیا ہے جس کے باعث یہ نالے سیوریج لائنوں میں تبدیل ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں نے اپنی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے نبھایا ہے اور حالیہ بارشوں میں کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں میں کوئی بھی ہلاکت بارش کے باعث نہیں ہوئی بلکہ زیادہ تر ہلاکتیں کرنٹ لگنے کے باعث ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام چھ اضلاع میں نصب کئے گئے اشتہاری بل بورڈز اور سائن بورڈز ہٹا دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے حالیہ بارشوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے گجر نالہ میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے بتایا کہ اس 13 کلو میٹر طویل شہر کے اہم نالے کے دونوں جانب ہزاروں غیرقانونی تعمیرات کرلی گئی تھیں جس کی وجہ سے نالے کی صفائی میں مشکلات حائل تھیں، نالے پر مکانات، دکانیں، مویشی باڑے اور دیگر پختہ تعمیرات کی وجہ سے خاص طور پر برسات کے دنوں میں شدید مسائل کا سامنا تھا اور نالے کی صفائی کے لئے مشینری اندر اتارنا مشکل ہوگیا تھا لہٰذا اس صورتحال کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے گجر نالے میں قائم ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر مسمار کرنے کا فیصلہ کیا اور وہاں پختہ اور غیر پختہ اسٹرکچر مسمار کرنے کا کام شروع کیا جس کے تحت اب تک 685 سے زائد مکانات مسمار کئے جاچکے ہیں اور ساڑھے 5 کلو میٹر سے زائد نالے کا حصہ دونوں جانب سے کلیئر ہوچکا ہے جبکہ اس آپریشن کو بھاری مشینری کے ذریعے تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ نالے کے دونوں جانب تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد وہاں پختہ سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جاسکے اور نالے کی صفائی کا عمل مستقل طور پر جاری رہے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ گجر نالے میں تجاوزات ہٹانے کی کارروائی جاری ہے اور اسے جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا، محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی گئی ہے کہ گجر نالہ میں تجاوزات کو مسمار کرنے کاکام تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ اطراف کی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کو سہولت میسر آئے، انہوں نے کہا کہ شہر میں کسی بھی جگہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے اور ہر قیمت پر شہر کو غیرقانونی مکانات، نیم پختہ، پختہ تعمیرات اور دیگر تجاوزات سے پاک کرنے کو ترجیح دی جائے خاص طور پر ان علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے جہاں سے غیرقانونی تجاوزات ہٹائی یا مسمار کی جاچکی ہیں تاکہ وہاں دوبارہ تجاوزات تعمیرنہ ہوپائیں۔

متعلقہ عنوان :