پیپلزپارٹی ضلع اسلام آباد کے صدر سید سبط الحسن بخاری نے کوئٹہ واقعہ کے سوگ میں ورکرز کنونشن ملتوی کر دیا، شہدا کیلئے دعا

پاکستان پیپلزپارٹی کوئٹہ میں وکلا، صحافیوں اور معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتی ہے ،چوہدری منظور دہشت گردی کا واقعہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ندیم افضل چن، راجہ عمران اشرف اور دیگر کا دعائیہ تقریب سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے سانحہ کوئٹہ کے باعث تمام پارٹی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن کو دعائیہ تقریب میں بدل دیا گیا۔ پیپلزپارٹی رہنماؤں کی جانب سے کوئٹہ سول اسپتال حملے میں وکلا، صحافیوں اور معصوم شہریوں کے قتل عام کی کھلے الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔ ہماری تاریخ ملک میں امن کے قیام اور جمہوریت کے لئے قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ حملہ حکومت کی دہشت گردی کے خلاف پالیسیوں کی ناکامی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کرکے دہشت گردوں کے جڑسے خاتمہ کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔

(جاری ہے)

دعائیہ تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن، ندیم اصغرکائرہ، راجہ عمران اشرف ، نرگس فیض ملک، راجہ عنایت اورسید سبط الحسن بخاری کے علاوہ پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میں شہدائے سانحہ کوئٹہ کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر و استقامت ، زخمیوں کی صحت یابی کے علاوہ ملک وقوم کی سلامتی اور وطن کی خوش حالی کے لئے دعاکی گئی۔دعائیہ تقریب کا انعقاد پاکستان پیپلزپارٹی ضلعی اسلام آباد کے صدر سید سبط الحسن بخاری کی جانب سے کیا گیا تھا۔