11اگست کو سندھ بھر اقلیتوں اور 14اگست کو یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان

پی پی سندھ کی طرف سے کل کوئٹہ واقعے کے خلاف سوگ کا اعلان تمام ضلعی ہیڈکوارٹرمیں اقلیتوں اور یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائے،صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو

پیر 8 اگست 2016 20:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء) سندھ کے وزیر خوراک وپارلیمانی اموراور پی پی سندھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے کوئٹہ سول اسپتال واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشگردوں نے معصوم شہریوں ،وکلاء اورمیڈیا کے لوگوں پر بزدلانہ حملہ کرکے انتہائی وحشیانہ، قابل مذمت اور ناقابل معافی جرم کیا ہے۔

نثار احمد کھوڑو نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ کل 9اگست کو پارٹی کی جانب سے سندھ بھر میں سوگ منایا جائے گااور اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والی روح کو ثواب پہنچانے کے لیئے خصوصی دعائیں کی جائیگی۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ 11اگست کو اقلیتی برادری کا دن پارٹی کی طرف سے ہر ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لبرل اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ہے جس کے منشور میں اقلیتوں کے حقوق کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ یوم آزادی 14اگست کوماضی کی طرح بھرپورطریقے سے منایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پورے سندھ میں ضلعی ہیڈکوارٹرزسطح پر پارٹی آزادی کے دن کو شاندارطریقے سے منائے گی۔انھوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش وجذبے سے مناتی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے جن قوموں نے قدر نہ کی وہ قومیں تاریخ میں ہمیشہ کے لیے مٹ جاتی ہیں ۔انھوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ ہرضلعی سطح پر آزادی کا جشن شاندارطریقے سے مناکر یہ ثابت کریں کہ پاکستان کی عوام جمہوریت کے شیدائی اورآزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔انھوں نے کہا کہ 14اگست حقیقت میں آزادی کایوم تجدید ہے۔