یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف دالوں کی قیمتوں میں مزید 5 سے 10 روپے فی کلو کمی کر دی

پیر 8 اگست 2016 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف دالوں کی قیمتوں میں مزید 5 سے 10 روپے فی کلو کی کمی کر دی گئی ہے جبکہ تیل، گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش پر سبسڈی کو اگست کے مہینے میں بھی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق ماہ اگست میں ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں مزید 10 روپے فی کلو کے حساب سے کمی کر دی گئی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں دال ماش دھلی ہوئی 250 روپے فی کلو گرام دال مونگ 135 روپے جبکہ دال مسور 142 روپے فی کلو گرام دستیاب ہو گی۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے اسٹوروں پر دال چنا 120 روپے فی کلو، سفید چنا 115 روپے فی کلو، کالا چنا 110 روپے فی کلو، یوٹیلیٹی گھی112 روپے فی کلو، یوٹیلیٹی آئل 120 روپے اور چینی 65 روپے فی کلو گرام پر فروخت کی جائے گی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم ہونے کی وجہ سے اسٹوروں پر چینی کی خریداری کا رش بڑھ جانے کی وجہ سے چینی کی قلت پیدا ہو گئی تھی جسے دور کرنے کیلئے کارپوریشن نے ہنگامی بنیادوں پر 12 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدنے کیلئے ٹی سی پی سمیت حکومتی اداروں سے رابطے کر لئے ہیں جبکہ شوگر ملز سے بھی چینی کی خریداری کیلئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں۔