امریکہ اور بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری کھٹک رہی ہے ، کوئٹہ بم دھماکے میں را ملوث ہے ، اتنے حساس وقت پر وزراء نہ جانے کہاں غائب ہیں ،قومی اسمبلی میں وزراء کی شکل دیکھنے کو ترس گئے ہیں ، قوم کو اردگردنظر رکھنا ہوگی

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدکی میڈیا سے گفتگو

پیر 8 اگست 2016 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری کھٹک رہی ہے ، کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے میں را ملوث ہے ، اتنے حساس وقت پر بھی وزراء نہ جانے کہاں غائب ہیں ،قومی اسمبلی میں کسی وزیر کی شکل دیکھنے کے لئے ترس گیا ہوں ، پاکستان دہشت گردوں کے لئے آسان اہداف بنا ہوا ہے ، قوم کو اردگردنظر رکھنا ہوگی ۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ شیخ رشید نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دشمن پاکستان کے لئے مسائل پیدا کر رہے ہیں ، بلوچستان میں پاک چین اقتصادی راہداری کو تباہ کرنے کے لئے دشمن ایسے واقعات کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کو اب جاگنا ہوگا ،13اگست کو لال حویلی سے ریلی نکال کر آزادی کا جشن منائیں گے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اتنی جلدی ختم نہیں ہو گی، ہم چین کو سمندر تک رسائی دے رہے ہیں ، امریکہ اور بھارت کو یہ بات کھٹک رہی ہے ، پاکستان کی صورتحال بہت خراب ہے ، یہاں جعلی پاسپورٹ بن جاتے ان کی تصدیق ہوجاتی ہے جبکہ وزراء اتنے حساس معاملات پر بھی قومی اسمبلی میں نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحے کے پیچھے را ملوث ہے ، پاکستان دہشت گردوں کے لئے آسان ہدف ہے ، پوری قوم کو اردگرد نظر رکھنا ہوگی