ہائیکورٹ نے پیمرا کے60 افسران کی متنازع سنیارٹی لسٹ پرعملدآمد روک دیا ،چیئرمین پیمرا سے وضاحت طلب

پیر 8 اگست 2016 22:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کے60 افسران کی متنازع سنیارٹی لسٹ پرعملدآمد روکتے ہوئے چیئرمین پیمرا سے 30 اگست تک وضاحت طلب کر لی۔

(جاری ہے)

سوموار کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار اسسٹنٹ منیجر پیمرا لاہور حافظ جمیل اصغر کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے منظور نظر افراد کو نوازنے کیلئے پیمرا میں آٹھ کیٹگریز بنا کر سنیارٹی لسٹ مرتب کی ہے جس کی وجہ سے سینئر افسر جونیئر اور جونیئر افسر سینئر بن گئے ہیں۔

چیئرمین پیمرا نے متنازع سنیارٹی پر عملدآمد کرنے کیلئے آئندہ ہفتے محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پیمرا کی محکمانہ پرموشن کمیٹی کا اجلاس اور متنازع سنیارٹی لسٹ پر عملدرآمد روکنے ‘ملازمت کے قانون کے مطابق پیمرا کے افسروں کو ترقیاں دینے کا حکم دیا جائے۔۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد پیمرا افسران کی متنازع سنیارٹی لسٹ پر عملدرآمد روکتے ہوئے چیئرمین پیمرا سے30 اگست تک وضاحت طلب کر لی۔

متعلقہ عنوان :