کوئٹہ دھماکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف عالمی سازش کاحصہ ہے ،دھماکہ میں ،،را ،،ملوث ہے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ پاکستانیوں کے اظہاریکجہتی کاجواب ہے ،بلوچستان میں فوری طورپرفوجی آپریشن کیاجائے اوررا سمیت تمام غیرملکی ایجنٹوں کوتختہ دارپرلٹکایاجائے

انصارالامہ پاکستان کے سربراہ و مولانافضل الرحمن خلیل کی کوئٹہ سول ہسپتال میں دھماکے کے واقعہ کی شدیدمذمت

پیر 8 اگست 2016 22:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) انصارالامہ پاکستان کے سربراہ ودفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنماء مولانافضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ کوئٹہ بم دھماکہ میں انڈین ایجنسی را ملوث ہے یہ واقعہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ پاکستانیوں کے اظہاریکجہتی کاجواب ہے یہ دھماکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف عالمی سازش کاحصہ ہے بلوچستان میں فوری طورپرفوجی آپریشن کیاجائے اوررا سمیت تمام غیرملکی ایجنٹوں کوتختہ دارپرلٹکایاجائے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں مولانافضل الرحمن خلیل نے کوئٹہ سول ہسپتال میں دھماکے کے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وطن عزیز میں دہشتگردی کا یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے جس کی جتنی مزمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ہمارے حوصلے کم کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم تمام متاثرین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لئے صبر اور زخمی ہونے والوں کے لئے صحت کی دعا کی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پوری قوم اس المناک واقعے پر غمزدہ ہے اور چاہتی ہے کہ وزیرستان کی طرح بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے۔دشمن نے بلوچستان کو دہشتگردی کا نشانہ اس وقت بنایا ہے جب بلوچستان حکومت میں پاکستان کے یوم آزادی کو بھرپوری طریقے سے منانے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا ہواہے۔

یہ دھماکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف عالمی سازش کاحصہ ہے عالمی ایجنسیاں بلوچستان کوعدم استحکام کاشکارکرکے سی پیک کو سبوتاڑ کرناچاہتی ہیں حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات کرے اور ملوث عناصر اور گروپس کو بے نقاب کرنے میں کسی بھی طرح سستی کا مظاہرہ نہ کرے۔حکومت کو اب عملی اور فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کرنا ہو گا۔

اس واقعہ کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وکلا، صحافی، انجینئرز، ڈاکٹر اور دیگر شعبوں کے ماہرین ملک و قوم کا اثاثہ ہیں۔ اس اثاثے کو اس طرح دہشت گردی کی بھینٹ نہ چڑھنے دیا جائے۔انہوں نے کہا بلوچستان کی ترقی و استحکام کو سازشوں کی نذر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک دشمن طاقتیں اس صوبے میں احساس محرومی اور پسماندگی کا رونا رو کر وطن عزیز کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہیں اور اب ان کی نظر میں گوادر پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہدری کھٹک رہی ہے۔

مولانافضل الرحمن خلیل نے مزید کہا کہ ملک دشمن بیرونی عناصرایران اورخصوصاً انڈیا کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے سخت فیصلے کرنا وقت کاناگزیرتقاضا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مکمل امن کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ ہماری سول اور عسکری قیادت بھارتی جاسوس کے انکشافات کی روشنی میں بلوچستان میں سرگرم گروپوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرے۔