چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا کوئٹہ میں دھماکہ کے بعد سول ہسپتال، بلوچستان ہائی کورٹ اور سی ایم ایچ کا دورہ

سول ہسپتال کے دورہ کے دوران مختلف سیکشنز میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی

پیر 8 اگست 2016 22:17

راولپنڈی ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کے بڑے ہسپتال میں دھماکہ کے بعد پیر کو سول ہسپتال، بلوچستان ہائی کورٹ اور سی ایم ایچ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سول ہسپتال کے دورہ کے دوران مختلف سیکشنز میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال داخل زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ کا بھی دورہ کیا اور بلوچستان کے چیف جسٹس اور پینل ججز سے اظہار تعزیت کیا۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی ٹویٹ کے مطابق بعد ازاں بری فوج کے سربراہ نے سی ایم ایچ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں متعدد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں داخل کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال کے مختلف بلاکس کا دورہ کیا اور بم دھماکہ کے زخمیوں کی صحت دریافت کی۔

سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ہسپتال آمد پر بری فوج کے سربراہ کا استقبال کیا۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے سول ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کوئٹہ میں اے پی پی کے رپورٹر کے مطابق سدرن کمانڈ کے کمانڈر نے اس موقع پر کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکل کی اس گھڑی میں وکلاء برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسند کمزور ہو چکے ہیں اور فورسز ہر قیمت پر انہیں شکست دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، دہشت گرد پوری قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔