کوئٹہ میں دہشت گردی کے خوفناک واقعہ

حکومت سندھ نے صوبے بھر میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو انتہائی چوکس رہنے کے احکامات جاری کردیئے

پیر 8 اگست 2016 22:21

کوئٹہ میں دہشت گردی کے خوفناک واقعہ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) کوئٹہ میں پیر کے روز ہونے والے دہشت گردی کے خوفناک واقعہ کے بعد حکومت سندھ نے صوبے بھر میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو انتہائی چوکس رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جبکہ محکمہ صحت سندھ نے جناح پوسٹ گریجوئٹس میڈیکل سینٹر، سول ہسپتال اور کراچی کی دیگر ہسپتالوں میں ہائی الرٹ/ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق کراچی کے اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ تمام ڈاکٹرز خصوصاْ جنرل سرجن، برنس، آرتھوپیڈک، نیورو سرجن، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاک کی اسپتالوں میں 24گھنٹے موجودگی، آپریشن تھیٹرز کھلے رکھنے اور وارڈز اور آپریشن تھیٹرز میں زندگی بچانے والی اور دیگر ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی جانب سے یہ فیصلہ سول اسپتال کوئٹہ میں بم دھماکے میں ہونے والے بڑے جانی نقصان کے بعد کیا گیا ہے، جس کے بعد کئی شدید زخمیوں کو مزید علاج کیلئے سندھ لایا جا رہا ہے۔ اسی دوران کوئٹہ کے واقعہ کے بعد کراچی میں پہلے سے موجود حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے ۔ پولیس اور رینجرز کے گشت اور اسنیب چیکنگ کو بڑھادیا گیا ہے۔

سرکاری زرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے بھی کوئٹہ کے سانحہ کے بعد پولیس اور رینجرز کے علاوہ دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے سیکوریٹی الرٹ جاری کیا ہے کہ وہ صوبے بھر خصوصاً کراچی میں مشکوک افراد اور مشتبہ گاڑیوں پر نظر رکھیں تاکہ سندھ میں کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔ پولیس اور رینجرز کے عملے نے کراچی کے تمام داخلی راستوں کی نگرانی بھی مزید سخت کردی ہے جبکہ حساس تنصیبات، سرکاری عمارتوں اور ریڈ زون کے سیکوریٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔