شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس چیک پوسٹوں پر نفری بڑھا نے اورکمانڈوز اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں‘امین وینس

موجودہ صورتحال میں شہر کی اہم عمارتوں، شاپنگ مالز، غیر ملکی ریسٹورنٹ ، ہسپتالوں اور پارکوں کی سیکورٹی پر بطور خاص توجہ کی جائے 14اگست کے روز شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے پیٹرولنگ کے نظا م کو مزید موثر بنانے اورشہر کے مختلف علاقوں بلخصوص بند روڈ پٹھان اور افغان بستیوں میں سرچ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیے جائیں ‘سی سی پی او لاہور کا ہنگامی اجلاس سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے سانحہ کوئٹہ کے فوری بعد لاہور کی سیکورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے لیے سی سی پی او آفس میںآ پریشنز و انویسٹی گیشن ونگ کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس چیک پوسٹوں پر نفری بڑھا دی جائے اور ان چیک پوسٹوں پر کمانڈوز اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کا افسوس ناک واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہے نہ کوئی مسلک نہ کوئی سمت ہے اور نہ کوئی منزل یہ کچھ بھی کر سکتے ہیں لہذا ایسے دشمن کے ناپاک اِرادوں کو ناکام بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور سیکورٹی کے لیے تعینات اہلکاروں کو ڈیوٹی کے حوالے بریف کرتے ہوئے بتایا جائے کہ ان حالات میں شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے فرائض جذبہ جہاد سے سر شار ہو کر ادا کرنے کا وقت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی سیکورٹی محمد ادریس، ایس ایس آپریشنز منتظر مہدی کے علاوہ سی ٹی او اور تمام ڈویژنل ایس پیز بھی موجود تھے۔ سی سی پی او نے 14اگست کے روز شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پیٹرولنگ کے نظا م کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں بلخصوص بند روڈ پٹھان اور افغان بستیوں میں سرچ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیے جائیں علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں قومبنگ آپریشن شروع کیے جائیں جس کی نگرانی ڈویژنل ایس پی خود کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں شہر کی اہم عمارتوں، شاپنگ مالز، غیر ملکی ریسٹورنٹ ، ہسپتالوں اور پارکوں کی سیکورٹی پر بطور خاص توجہ کی جائے اور شہر میں موبائل ناکوں کی شکل میں سنائپ چیکنگ کا عمل شروع کیا جائے ا ور یہ ناکے کسی بھی جگہ ایک گھنٹہ سے زائد نہ لگائے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ چائنیز کی سیکورٹی پر مامور گاردات ایس پی ہیڈ کوارٹرز خود چیک کریں اور اس بات کو شعار بنائیں کہ ڈی ایس پی لائنز ان گاردات کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ون ویلنگ کی کسی قیمت پر اجازت نہ دی جائے اور ون وہلنگ کے مقدموں میں ریکارڈ یافتہ ملزمان خاص طور جو ون ویلر بار بار ویلنگ کے مقدموں میں گرفتار ہوں انہیں نظر بندکرنے کے لیے محکمہ داخلہ سے منظوری حاصل کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں رینٹ اے موٹر سائیکل کا کام کرنے والوں سے بھی شورٹی بانڈ لیے جائیں کہ وہ یوم آزادی پر کسی بھی منچلے نوجوان کو125 موٹر سائیکل کرایہ پر نہیں دیں گے جو ون ویلنگ کے لیے اس کا استعمال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی کے روز موٹر سائیکل کے سلنسر نکال کر ہلڑ بازی کرنے اور فیملیز کو پریشان کرنے کی کسی قیمت پر اجاز ت نہ دی جائے اور ایسا کرنے کے مرتکب نوجوانوں اور افراد کے خلاف فوری اور موقع پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔سی سی پی او نے سی ٹی او کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے روز مال روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائے اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ کا سبب بننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

متعلقہ عنوان :