سانحہ کوئٹہ میں بھارتی دہشت گردتنظیم راملوث ہے،میرسرفرازبگٹی

بلوچستان میں حکومت اورفورسزنے دہشت گردی کے واقعات کوختم کرنے کیلئے اپنے تمام تروسائل بروئے کارلائے اورموٴثرکاروائیاں کررہے ہیں،وزیرداخلہ بلوچستان کانجی ٹی وی چینل کوانٹرویو

پیر 8 اگست 2016 22:42

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد اب چھپ کر وار کرتے ہیں اور اب دہشت گردوں نے ہسپتالوں اور سکولوں کو نشانہ بنایا اور دہشت گردوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا سانحہ کوئٹہ میں بھارت اور اس کا خفیہ ادارہ ”را“ ملوث ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت اور فورسز نے دہشت گردی کے واقعات کو ختم کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے مگر دہشت گرد چھپ کر وار کرتے ہیں اور جس طرح سول ہسپتال میں وکلاء اور عام لوگوں کو نشانہ بنایا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے حکومت اور سیکورٹی ادارے دہشت گردوں کیخلاف موثر کارروائیاں کررہے ہیں کچھ عناصر بلوچستان کی ترقی نہیں چاہتے اور ان عناصر سے نمٹنے کیلئے حکومت اپنی بھرپورطاقت سے کارروائیاں کررہی ہیں انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں صرف وکلاء کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کو ٹارگٹ کیا گیا اور قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ دہشت گردوں کا کسی بھی مذہب ‘ نسل اور قوم سے تعلق نہیں وہ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے اسطرح کے واقعات کرتے ہیں ۔