کوئٹہ سانحہ کے شہدا ء مختلف قبرستانوں میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ہزاروں افراد کی موجودگی میں سپرد خاک

پیر 8 اگست 2016 22:45

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء) کوئٹہ کے عظیم وقومی سانحہ کے شہدا کو کوئٹہ کے مختلف مقامی قبرستانوں میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ہزاروں افراد کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے بیان کے مطابق پارٹی رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے بلال انور کاسی ایڈووکیٹ ، پشتونخوامیپ کے علاقائی سیکرٹری کونسلر ملک شاہد کاسی کے بھائی ملک وزیر محمد کاسی شہید ، قاہر شاہ ایڈووکیٹ شہید ، ڈاکٹر عبدالمالک کاسی کے جواں سال فرزند داؤد کاسی ایڈووکیٹ شہید ، گل زرین کاسی ایڈووکیٹ شہید، عبداللہ اچکزئی ایڈووکیٹ شہید، عطاء اللہ کاکڑشہید،رحمت اللہ خروٹی شہید ، بیرسٹرعدنان کاسی ودیگر شہید وکلاء وشہریوں کے تجہیز وتدفین کے مراسم میں شرکت کی اورلواحقین سے تعزیت وفاتحہ خوانی کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ مکمل کی شریک ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پارٹی کے وزراء ، اراکین اسمبلی ،صوبائی ایگزیکٹوز ودیگر ضلعی وعلاقائی رہنماؤں نے سول ہسپتال اور سی ایم ایچ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو ہدایات کی وہ مریضوں کو تمام ترعلاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کرے جبکہ پشتونخوا بلڈبینک میں پارٹی کارکنوں اور شہریوں نے اپنا خون جمع کرایا جوکہ زخمیوں کو عطیہ کرکے انہیں لگائیں گئے۔